کے ٹی آر نے مانسون سیزن کی تیاریوں کا اجلاس میں جائزہ لیا

   

تمام زیر تکمیل کاموں کو بروقت مکمل کرنے عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو ہدایت
حیدرآباد 15 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے آج حیدرآباد اور تلنگانہ کی دوسری بلدیات کی مانسون سیزن کیلئے تیاری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ایک جائزہ اجلاس میں عہدیداروں اور منتخبہ عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ مانسون سیزن سے قبل یکم جون تک تمام زیر تکمیل کاموں کو مکمل کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے اور عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے تمام زیر تکمیل کام مکمل کرلئے جانے چاہئیں۔ اجلاس میں شہر سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق کے سینئر عہدیداروں ‘ جی ایچ ایم سی و سی ڈی ایم اے کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اسٹریٹجک نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور جاریہ کاموں اور ان کے موقف کا جائزہ لیا گیا ۔ مشیر آباد ‘ عنبرپیٹ ‘ ایل بی نگر ‘ جوبلی ہلز ‘ کوکٹ پلی ‘ ملکاجگری ‘ قطب اللہ پور ‘ سیری لنگم پلی اور دوسرے حلقوں کے ارکان اسمبلی بھی اجلاس میں شریک رہے ۔ وزیر موصوف نے ہر رکن اسمبلی سے ان کے حلقہ جات میں ایس این ڈی پی کاموں کے موقف کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ ان کاموں کی تکمیل میں رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ہر نالہ کے تعلق سے معلومات حاصل کیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تمام علاقوں میں حفاطتی اقدامات ممکن ہوسکیں اور مانسون میں پانی جمع ہونے کی شکایات نہ ہونے پائیں ۔ وزیر موصوف نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ان ایجنسیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں جو مقررہ وقت میں کاموں کی تکمیل سے قاصر ہیں۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ زیر تکمیل کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے نشانہ کے ساتھ کام کریں۔ وزیر موصوف نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدہ طور پر تعمیراتی کاموں کے مقام کا دورہ کریں اور پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عہدیداروں اور متعلقہ ایجنسیوں کو جوابدہ بنانے پر زور دیا ۔ ریاستی وزراء پی سبیتا اندرا ریڈی ‘ سی ایچ ملا ریڈی ‘ ٹی سرینواس یادو کے علاوہ مئیر جی وجئے لکشمی ‘ اسپیشل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ‘ کمشنر بلدیہ ڈی ایس لوکیش اور دوسروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔