تین سال میں پراجکٹ مکمل کرنے کا منصوبہ، 31 کیلومیٹر راہداری کیلئے 6250 کروڑ کے مصارف
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کے توسیعی کاموں کا آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ اجلاس میں ریاستی وزراء محمد محمود علی، ٹی سرینواس یادو اور سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر 9 ڈسمبر کو میٹرو ریل دوسرے مرحلے کے توسیعی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے وزراء کو دو دن تک سنگ بنیاد رکھنے والے مقام کا دورہ کرتے ہوئے تیاریوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر مانیڑاپیس جنکشن کے قریب رائے درگم میٹرو ٹرمنل سے شمس آباد اور انٹرنیشنل ایرپورٹ تک چلائی جانے والی میٹرو لائن راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 31 کیلو میٹر تک میٹرو لائن کاریڈور تعمیر کیا جائے گا جس پر 6250 کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے اور سارے اخراجات تلنگانہ حکومت برداشت کرے گی۔ حیدرآباد ایرپورٹ میٹرو لمیٹیڈ (ایچ اے ایم ایل) کے زیر اہتمام تعمیر کئے جانے والے اس پراجکٹ کو تین سال میں مکمل کرنے کا نشانہ طے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بی ایچ ای ایل تا لکڑی کاپل۔ ناگول۔ ایل بی نگر کے درمیان 31 کیلو میٹر میٹرو ریل کی توسیع کے لئے ڈی پی آر مرکزی حکومت کو روانہ کرتے ہوئے مشاورت کی جارہی ہے۔ ن