چیف منسٹر ریونت ریڈی کیخلاف بے بنیاد الزامات کی مذمت، معذرت خواہی کا مطالبہ
حیدرآباد، 4 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورۂ تلنگانہ اور ان کے متنازعہ بیانات کے خلاف گاندھی بھون کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کا پتلا نذرِ آتش کیا۔ اس احتجاجی پروگرام کی قیادت کانگریس کے قائدین مٹو سائی کمار، بی ناگیش اور محمد ریاض نے کی۔ احتجاجی قائدین نے امیت شاہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غصے کا اظہار کیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے قائدین نے کہا کہ امیت شاہ نے تلنگانہ پہنچ کر جھوٹے اور من گھڑت بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے گزشتہ 12 سال کے دوران تلنگانہ کو کیا فراہم کیا؟ امیت شاہ اس کا جواب دینے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ کانگریس کے قائدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے دو مرکزی وزراء کی موجودگی کے باوجود تلنگانہ کے لیے کوئی فنڈز حاصل نہیں کیے گئے ، بی جے پی قیادت اس کا کوئی حساب نہیں دے رہی ہے۔ ان قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی گزشتہ تین سال سے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، لیکن امیت شاہ ان پر آر آر ٹیکس کا بے بنیاد اور گمراہ کن الزام لگا رہے ہیں۔ احتجاجی قائدین نے مطالبہ کیا کہ امیت شاہ تلنگانہ کے عوام سے اپنے جھوٹے بیانات پر فوری معذرت خواہی کا اظہار کریں۔2