گاندھی ہاسپٹل میں دو گھنٹوں تک برقی سربراہی منقطع

   

مریضوں اور ڈاکٹرس کو تکلیف کا سامنا ، شہر میں بھی برقی سربراہی میں کٹوتی کی شکایتیں
حیدرآباد۔15اپریل(سیاست نیوز) رہائشی علاقوں میں برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل سے عوام کو ہونے والی تکلیف کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے لیکن اگر سرکاری دواخانہ میں 2گھنٹے سے زائد برقی سربراہی منقطع رہے تو ایسی صورت میں مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کی حالت کیا ہوگی اس کا اندازہ لگانا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ شہر حیدرآباد کے سرکردہ سرکاری دواخانہ ’’گاندھی ہاسپٹل‘‘ میں گذشتہ شب زائد از 2گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہی اور دواخانہ کے انتظامیہ سے کی جانے والی شکایات رائیگاں ثابت ہوئی جبکہ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل کو سربراہ کی جانے والی برقی کا تعلق عام سربراہی سے نہیں ہے بلکہ دواخانہ کے لئے مخصوص برقی سربراہی کا فیڈر ہے لیکن اس کے باوجود گاندھی ہاسپٹل میں برقی سربراہی منقطع ہونے سے نہ صرف مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو بلکہ رات کے اوقات میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرس و دیگر عملہ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ دونوں شہروں میں برقی طلب میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے لیکن ساتھ ہی تلنگانہ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ نے غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں روزانہ کئی گھنٹے برقی سربراہی منقطع ہونے لگی ہے جو کہ شہریوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے کیونکہ کئی کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی میں کٹوتی اور شکایت کے باوجود برقی بحال کرنے کے اقدامات نہ کئے جانے پر کہا جا رہاہے کہ محکمہ برقی جان بوجھ کر کٹوتی کا آغاز کرچکا ہے ۔ گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ لنگر حوض ‘ محمدی لائنس‘ فلک نما ‘ جہاں نما‘ چندرائن گٹہ ‘ بارکس ‘ بندلہ گوڑہ ‘ وٹے پلی ‘ شاہین نگر‘ سنتوش نگر ‘ حافظ بابانگر ‘ عیدی بازار ‘ کالا پتھر ‘ بہادرپورہ ‘ کشن باغ ‘ مغلپورہ ‘ کے علاوہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں بشمول نارائن گوڑہ ‘ بشیر باغ ‘ حیدرگوڑہ ‘ اور دیگر مقامات پر روزانہ کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی منقطع ہونے کے نتیجہ میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں برقی طلب میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 3یوم کے دوران یومیہ برقی طلب اور استعمال میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے نتیجہ میں سربراہی میں خلل پیدا ہونے لگا ہے ۔ ۔3/m/b
بتایا جاتاہے کہ جی ایچ ایم سی حدود میں برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کو دور کرنے کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی جار ہی ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال کو بہتر بنانے میں مشکلات پیدا ہونے لگی ہیں۔3/m/b