اُترپردیش میں یوگی حکومت کا گاؤں ماتا پر ظلم ، باندہ کے واقعہ پر پرینکا گاندھی کا ردعمل
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ اُترپردیش کے ضلع باندہ میں گایوں کو زندہ دفن کرنے کا واقعہ ظلم کی انتہا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اس مجرمانہ غفلت کے معاملے میں ریاستی حکومت سے جواب طلب کرنا چاہئے ۔پرینکا نے ٹوئٹ میں استفسار کیا کہ یوگی جی! آپ کی حکومت کے انتظامیہ نے باندہ میں سینکڑوں گایوں کو زندہ دفن کردیا۔ آپ کی حکومت میں گوشالاؤں میں گوماتا ظلم و ستم کی شکار ہیں۔انہوں نے اس معاملے میں وزیراعظم مودی سے مداخلت کی گزارش کی اور کہا کہ مودی جی ! آپ اترپردیش میں ہیں۔ کیا آپ گوشالاؤں کی بدحالی پر یوگی حکومت سے جواب طلب کریں گے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش کے باندہ میں متعدد گایوں کو مٹی اور پتھر تلے زندہ دفن کرنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق باندہ کے نارائنی نگر پنچایت کے ایگزیکٹیو انجینئر کے ساتھ اب نارائنی کے ایس ڈی ایم سرجیت سنگھ کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔یہ پورا معاملہ باندہ ضلع کی تحصیل نارائنی کا ہے جہاں اس ہفتے نارائنی کی گوشالاؤں سے سیکڑوں گایوں کو ٹرکوں میں بھر کر باندہ سے متصل مدھیہ پردیش کے جنگل میں زندہ دفن کردیا گیا تھا۔ ان میں سے کچھ گائیں دفن ہونے کے بعد بھی سانس لے رہی تھیں اور کچھ زخمی حالت میں بچ نکلی تھیں حالانکہ وہ بھی موت کے منہ میں چلی گئیں۔گئو کشی معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع میں کھلبلی مچ گئی۔ گئو سیوک، گائے بھکت اور سماجی کارکن بیانر اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور ضلع انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس معاملے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے راجکرن کبیر نے پورے واقعہ کا جائزہ لیا اور قصورواروں کیخلاف سخت کارروائی کی بات بھی کی۔ لوگوں کے غصے کے مدنظرباندہ کے ڈی ایم انوراگ پٹیل نے پورے معاملے کی جانچ کا حکم دیا اور باندہ کے سی ڈی او ڈی کے موریہ کو ذمہ داری سونپی۔