گجرات میں 47,000 لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی

   

گاندھی نگر: گجرات کے ریلیف کمشنر آلوک کمار پانڈے نے بدھ کو کہا کہ طوفان سے متاثر ہونے والے اضلاع میں اب تک 47,000 سے زیادہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ ریاست کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے آج گاندھی نگر میں اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تاکہ ‘بیپرجوئے ‘ طوفان کے خلاف انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے کام کے بارے میں دریافت کیا جا سکے ۔ اس میٹنگ میں چیف سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں انہوں نے طوفان کے باعث ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ضروری تجاویز دیں۔ میٹنگ میں موسم کی صورتحال کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مرکزی محکمہ موسمیات کی علاقائی ڈائریکٹر موہنتی نے کہا کہ 15 جون کو شمالی گجرات کے بناسکانٹھا، سابر کانٹھا، پاٹن جیسے اضلاع میں بارش ہونے کی امید ہے ۔ اس جائزہ میٹنگ میں معلومات دیتے ہوئے پانڈے نے کہا کہ ریاستی حکومت بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لیے پوری طرح تیار ہے تاکہ ممکنہ طوفان سے کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ ریاستی حکومت کی طرف سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جانے کے کام پر زور دیتے ہوئے اب تک 47 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے ۔ لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے کا کام تاحال جاری ہے اور آج شام تک یہ کام سو فیصد مکمل کر لیا جائے گا۔ ریلیف کمشنر نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 17 ٹیمیں اور ریاستی آفات رسپانس فورس کی 12 ٹیمیں طوفان سے متاثرہ اضلاع میں تعینات کی گئی ہیں۔