گجرات کے سرکردہ تاجرین کا بینکوں کو دھوکہ

   

امریکہ و کینیڈا روانگی کے لیے انگریزی مہارت کے فرضی سرٹیفیکٹ ریاکٹ کی تحقیقات میں پیشرفت
حیدرآباد۔3۔اگسٹ(سیاست نیوز) گجرات کے سرکردہ تاجرین بینکو ںکو دھوکہ دے رہے ہیں ‘ سیاسی قائدین قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں اور نوجوان ملک چھوڑنے کے لئے امریکہ وکینیڈا کی جامعات کو دھوکہ دے رہے ہیں۔امریکہ ‘ کینیڈا کے علاوہ دیگر ممالک کی جامعات میں داخلوں کے لئے انگریزی میں مہارت کے جو امتحان تحریر کئے جاتے ہیں ان میں TOEFL‘ IELTS کے علاوہ GRE اور دیگر شامل ہیں ۔اپوزیشن جماعتو ںکی جانب سے مسلسل یہ الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ گجراتی تاجرین امبانی ‘ اڈانی ‘ نیروو مودی اور دیگر بینکوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور گجرات سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین سب کا ساتھ اور سب کا وکاس کے نام پر ملک کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں لیکن گجرات کے نوجوانوں کی جانب سے IELTS کے فرضی سرٹیفیکیٹ اور دھاندلیوں کے ساتھ تحریر کئے گئے امتحانات کے نتائج کے ذریعہ امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کئے جانے کے انکشاف نے نہ صرف حکومت ہند بلکہ امریکی عدالتی حکام کو بھی حیرت زدہ کردیا ہے۔ امریکہ کی ایک عدالت میں 4 گجراتی نوجوانوں کو کسی مقدمہ میں جب امریکی عدالت میں پیش کیا گیا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ انہیں انگریزی نہیں آتی جس پر عدالت میںموجود جج نے ان کے طالب علم ہونے پر سوال کیا اور انگریزی میں مہارت کے سرٹیفیکیٹ کے متعلق دریافت کرنے کے بعد شروع ہوئی گجرات میں تحقیقات کے دوان تاحال 950ایسے نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ امتحانات میں دھاندلیوں کے ذریعہ IELTS یا دیگر انگریزی میں مہارت کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرتے ہوئے امریکہ اور کینیڈا منتقل ہوئے ہیں۔ ریاست گجرات اور پنجاب ملک کی دو ایسی ریاستیں ہیں جہاں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد مغربی ممالک منتقل ہونے کے لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہوتی ہے اور اب جو انکشاف ہوا ہے وہ بین الاقوامی ریاکٹ کی نشاندہی کرتا ہے کیونکہ IELTS اور TOEFLکے علاوہ دیگر انگریزی مہارت کے امتحانات جو منعقد کئے جا تے ہیں ان کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جاتی ہے لیکن گجرات میں 12تا14لاکھ روپئے حاصل کرتے ہوئے انگریزی میں مہارت کے سرٹیفیکیٹ جاری کردیئے گئے ہیں جنہیں حاصل کرتے ہوئے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے امریکہ اور کینیڈا کی مختلف جامعات میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ گجرات کے اضلاع احمدآباد‘ سورت‘ گاندھی نگر‘وڈودرہ کے علاوہ مہسانہ میں دھاندلیوں کے ساتھ انگریزی میں مہارت کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرتے ہوئے ملک چھوڑنے والوں کی تحقیقات پہنچ چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاست گجرات میں انگریزی مہارت کا یہ اسکام تحقیقات کے دوران دیگر ریاستوں تک بھی پہنچنے کا خدشہ ہے ۔م