بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم میں 25 دیگر افراد بھی زخمی
احمد آ باد ۔17؍جون ( ایجنسیز )گجرات کے وڈودرا میں چہارشنبہ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب ایک لگژری پرائیویٹ بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والی ٹکر میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 25 سے زائد مسافر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ بالاجی ٹریولس کی ایک لگژری بس راجستھان کے باڑمیر سے سورت جا رہی تھی۔ اسی دوران وڈودرا کے کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب بس ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہو گیا اور بس سامنے کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔امدادی ٹیموں نے بس میں پھنسے مسافروں کو نکال کر ایمبولینس کے ذریعہ ہاسپٹل پہنچایا۔
زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور کی لاپروائی یا تیز رفتاری کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔