انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر عوام میں ناراضگی : کے ٹی آر
حیدرآباد۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ ناکامی کا ثبوت گرام سبھاؤں میں دیکھنے کو ملا ہے۔ کل اور آج تلنگانہ بھر کے مختلف مقامات پر منعقدہ پرجا سبھاؤں میں عوامی ناراضگی کھل کر منظر عام پر آگئی ہے۔ کے ٹی آر نے ستو پلی میونسپلٹی کے بی آر ایس قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی ریاست میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں، فلاحی اسکیموں کے نقائص کو ترقیاتی پراجیکٹس کے نام پر عوام اور کسانوں سے زبردستی چھینی جانے والی اراضیات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جس کو حکومت کی طرف سے مسترد کردیا جارہا تھا، لیکن گرام سبھاؤں میں عوام نے جس طرح اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے، اس پر حکومت کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ بی آر ایس پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت وہ تمام وعدے پورے کرے جو اسمبلی انتخابات میں کئے گئے تھے۔ عوام کی جانب سے 6 گیارنٹیز پر سوال اُٹھایا جارہا ہے۔ وعدوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے عوام میں برہمی پائی جاتی ہے۔ پرجا سبھاؤں کیلئے ڈالے گئے ٹینٹس کو عوام کی جانب سے اُکھاڑ پھینکا جارہا ہے۔ ریاست میں بی آر ایس کی ناکامی سے عوام کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ بی آر ایس کے دور میں جو ترقیاتی کام ہوئے تھے اور فلاحی اسکیموں پر عمل آوری ہوئی تھی، اس پر عوام مطمئن تھے۔ کانگریس کی 13 ماہی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے جس کے خلاف عوام میں بڑے پیمانے پر ناراضگی پائی جاتی ہے۔ آئندہ مقامی اداروں کے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کے درمیان رہ کر مقامی مسائل کو حل کرانے میں اہم رول ادا کرے گی۔2