گرما میں الکٹرانک گاڑیوں سے متعلق بھی احتیاط کی ضرورت

   

غیر معیاری بیاٹریوں کے استعمال سے آگ لگنے کے واقعات ‘ حکومت کے اقدام ناگزیر

حیدرآباد 31 مارچ ( سیاست نیوز) موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ شہریوں کو اپنی صحت کے ساتھ اپنی الکٹرانک موٹر سیکل اور کاروں کے متعلق بھی احتیاط کی ضرورت ہے ۔شہریوں کے علاوہ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ الکٹرانک موٹرسیکل تیار کرنے والی کمپنیوں کے معیار کی جانچ کے اقدامات کو یقینی بنائے کیونکہ ایسا نہ کرنے سے گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔الکٹرانک موٹر وہیکلس کے معیار کی جانچ اور ان کے استعمال سے قبل کمپنی اور برانڈ کے متعلق آگہی حاصل کرنیکے علاوہ ان الکٹرانک وہیکلس کی فروخت پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔الکٹرانک وہیکلس جو تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں فروخت کی جا رہی ہیں ان میں بیشتر ٹو وہیلرس کے پارٹس غیر معیاری ہیں اور الکٹرانک موٹر وہیکلس میں جو آگ لگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں ان میں بیشتر ایسی الکٹرانک موٹر وہیکلس ہیں جو چینی ساختہ پارٹس کو یکجا کرکے بنائی گئی ہیں اور ان میں غیر معیاری بیاٹریوں کا استعمال کیاگیا جس کے سبب ان گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔الکٹرانک موٹر وہیکل کی تیاری کے ماہرین کا کہناہے کہ ہندستان میں بیشتر کمپنیوں سے چینی ساختہ پارٹس درآمد کرکے اسمبل کیا جا رہا ہے اور ان گاڑیوں میں غیر معیاری بیاٹری کا استعمال خطرناک ثابت ہورہا ہے اسی لئے حکومت کی ان ایجنسیوں کو جو کہ الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال کے فروغ میں سرگرم ہیں انہیں نہ صرف گاڑیوں کے استعمال کے رجحان کے متعلق شعور بیداری یقینی بنانی چاہئے بلکہ غیر معیاری چینی ساختہ پارٹس کے استعمال اور غیر معیاری بیاٹری سے تیار گاڑیوں کی فروخت کو روکنے اقدامات کو تیز کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔ الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے صنعتی اداروں کی سرگرمیوں سے واقف کار ماہرین گاڑیوں کی تیاری کے نام پر چین سے پارٹس درآمد کرکے انہیں اسمبل کرنے کا لائسنس حاصل کر رہے ہیں اور ان گاڑیوں کو مکمل کرنے غیر معیاری پارٹس اور بیاٹری کا استعمال کرکے فروخت عمل میں لا رہے ہیں۔محکمہ آرٹی او و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے مطابق چین سے پارٹس کی درآمدات سے وہ واقف ہیں لیکن اس میں کس طرح کی قانونی کاروائی کی گنجائش ہے وہ ان امور کا جائزہ لے رہے ہیں ۔الکٹرانک گاڑیوں کی تیاری میں معیار کا خیال نہیں رکھا گیا اور گاڑیوں کی فروخت جاری رہے تو گاڑی کی بیاٹری میں آگ لگنے کے حادثات پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔