گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کا اعلان

   

رام موہن ریڈی اور سروتم ریڈی کی چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس سے ملاقات

حیدرآباد۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی منظوری کے بعد جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے ایس رام موہن ریڈی اور نلگنڈہ ، کھمم اور ورنگل اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست کیلئے رام ریڈی سروتم ریڈی کے نام کا اعلان کیا۔ پارٹی نے امیدواروں کو انتخابی مہم کیلئے زائد موقع فراہم کرنے کیلئے جلد ہی قطعیت دے دی ہے۔ دونوں نشستوں کیلئے کئی سینئر قائدین کے رشتہ دار دعویداروں میں شامل تھے لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خفیہ سروے کے ذریعہ عوامی مقبولیت اور کامیابی کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے ہائی کمان سے ان ناموں کی سفارش کی ہے۔ اضلاع کے انچارج وزراء اور صدر پردیش کانگریس سے مشاورت کے بعد ہر حلقہ کیلئے تین ناموں کی ہائی کمان سے سفارش کی گئی تھی ۔ ایس رام موہن ریڈی تلنگانہ میں میڈیا کمیٹی کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ ان کے علاوہ اسپورٹس اتھاریٹی کے سابق صدرنشین شیوا سینا ریڈی ، وینو گوپال ریڈی ، جیون ریڈی اور شیو چرن ریڈی بھی دعویداروں میں شامل تھے۔ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل نشست کیلئے سابق وزیر رام ریڈی دامودر ریڈی کے فرزند رام ریڈی سروتم ریڈی کے نام کی منظوری میں وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کا اہم رول بتایا جاتا ہے۔ اس نشست کے لئے صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کے فرزند جی امیت ریڈی بھی اہم دعویدار تھے۔ الیکشن کمیشن نے دونوں نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے ۔ اسی دوران گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے دونوں امیدواروں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سریدھر بابو اور پی سرینواس ریڈی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے رام موہن ریڈی اور رام ریڈی سروتم ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے ساتھ ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہوجائیں۔ چیف منسٹر نے دونوں کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے ضلع کے وزراء اور عوامی نمائندوں سے بہتر تال میل برقرار رکھنے اور کارکنوں کو مہم میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ حکومت کی کارکردگی اور فلاحی و ترقیاتی اسکیمات گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں میں کانگریس کی کامیابی کی ضمانت رہیں گے۔1/k