اندرون دو یوم اعلان متوقع، سینئر قائدین کے فرزندان ٹکٹ کے دعویداروں میں شامل، کامیابی کیلئے کانگریس کی حکمت عملی
حیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گریجویٹ زمرہ کی 2 ایم ایل سی نشستوں کے امیدواروں کے انتخاب پر توجہ مرکوز کی ہے۔ پارٹی کی سطح پر عوامی مقبولیت اور کامیابی کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کے انتخاب کیلئے ضلعی سطح پر مشاورت کے بعد ناموں کی فہرست ہائی کمان کو روانہ کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے علاوہ متحدہ کھمم، ورنگل اور نلگنڈہ اسمبلی حلقہ جات پر مشتمل نشست کیلئے فی کس 3 ناموں کی ہائی کمان سے سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اضلاع کے انچارج وزراء اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد ہر حلقہ کیلئے 3 ناموں کا تعین کیا ہے ۔ 2 حلقہ جات کیلئے 6 ناموں کی فہرست جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال کو روانہ کردی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے ناموں کے انتخاب کی ذمہ داری وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کو دی گئی تھی جبکہ کھمم، ورنگل اور نلگنڈہ نشست کے ناموں کا انتخاب ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے وزراء اور عوامی نمائندوں کی مشاورت کے ذریعہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ 29 ستمبر کو ہائی کمان دونوں حلقہ جات کیلئے ناموں کو قطعیت دے گی۔ کانگریس نے دونوں نشستوں پر کامیابی کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے اور امیدواروں کو انتخابی مہم کے سلسلہ میں زائد وقت دینے کے مقصد سے ناموں کی جلد اعلان کیا جائے گا۔ دونوں نشستوں پر موجودہ ارکان کی میعاد مارچ میں ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے دونوں حلقہ جات کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔ کھمم، ورنگل اور نلگنڈہ پر مشتمل ایم ایل سی نشست کے اہم دعویداروں میں سابق وزیر آنجہانی آر دامودر ریڈی کے فرزند ایس رام ریڈی کے علاوہ قانون ساز کونسل کے صدر نشین جی سکھیندر ریڈی کے فرزند جی امیت ریڈی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ آر ٹی آئی کمشنر پی وی سرینواس، سینئر لیڈر لوکیش یادو اور جنرل سکریٹری پردیش کانگریس سی ایچ دیاکر نے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ وزیر مال سرینواس ریڈی کے چھوٹے بھائی پی پرساد ریڈی، صدر ضلع کانگریس نلگنڈہ این کیلاش اور ٹورازم کارپوریشن کے سابق صدر نشین پٹیل رمیش ریڈی نے بھی اس نشست کیلئے مساعی تیز کردی ہے۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر ایم ایل سی نشست کیلئے اسپورٹس اتھاریٹی کے سابق صدر نشین شیوا سینا ریڈی کے علاوہ ایس رام موہن ریڈی، بی وینوگوپال ریڈی، ایم جیون ریڈی اور شیوچرن ریڈی اہم دعویدار ہیں۔ بی سی امیدوار کے طور پر کانگریس ترجمان جی ستیش نے دعویداری پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ نشست پر تین مارملنا اور حیدرآباد، رنگاریڈی محبوب نگر نشست پر سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ایس وانی دیوی کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ وانی دیوی بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں جبکہ تین مار ملنا کانگریس کے تائیدی امیدوار تھے تاہم پارٹی نے انہیں معطل کردیا۔ امید ہے کہ ریونت ریڈی سے قطعی مشاورت کے بعد ہائی کمان دونوں نشستوں کے امیدواروں کا اعلان کریگا۔ 1؍F