امیت شاہ کا دورہ حیدرآباد متوقع ، نرملاسیتارامن ،پیوش گوئل اور دیگر مدعو
حیدرآباد۔ مستقبل قریب میں منعقد ہونے والے گریجویٹ قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے انتخابات میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ قائدین حیدرآباد ‘ رنگاریڈی اور محبوب نگر میں انتخابی مہم چلائیں گے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے سرکردہ قائدین کی آمد کے بعد شہر حیدرآباد میں بی جے پی کو 48 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی اور اب جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے دوبارہ انتخابی مہم کیلئے مرکزی قائدین کو مدعو کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور حیدرآباد۔محبوب نگر ۔رنگاریڈی گریجویٹ قانون ساز کونسل کی نشست کی انتخابی مہم کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورۂ حیدرآباد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جنوری کے تیسرے ہفتہ سے گریجویٹ قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس مہم کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ‘ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن‘مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل‘پرکاش جاوڈیکر اور سدانندا گوڑا کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ میں مسلسل انتخابی مہم کے سلسلہ کو جاری رکھنے کے حق میں ہے اسی لئے گریجویٹ نشست کے انتخابات کو بھی عام انتخابات کی طرح اہمیت دیتے ہوئے مرکزی قائدین کو مدعو کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔گذشتہ ماہ ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں شہر حیدرآبادکا کئی مرکزی قائدین نے دورہ کیا تھا جن میں امیت شاہ‘ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ دیگر اہم قائدین شامل ہیں ۔