گریٹر نوئیڈا کی فرنیچر مارکیٹ میں زبردست آتشزدگی

   

گریٹر نوئیڈا ویسٹ۔ 16 مئی (یو این آئی) اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں واقع شاہ بیری علاقے کی فرنیچر مارکیٹ میں جمعہ کو شدید آگ لگ گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی شروعات ایک دکان سے ہوئی، جو تیزی سے آس پاس کی دکانوں تک پھیل گئی۔ یہ واقعہ بسرک تھانہ علاقے کے تحت پیش آیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی بسرک تھانے کی پولیس اور مقامی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ وہیں پولیس نے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔افسران نے بتایا کہ فی الحال آگ بجھانے پر بنیادی توجہ دی جا رہی ہے اور جیسے ہی اس پر قابو پا لیا جائے گا، نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ بسرک تھانے کے افسران نے جائے وقوعہ پر نگرانی بڑھا دی ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے آگ کے قریب نہ جانے اور بچاؤ کے کاموں میں تعاون کرنے کی درخواست کی ہے ۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بتایا کہ تیز ہوا اور مارکیٹ میں رکھے سامان کے آتش گیر ہونے کی وجہ سے آگ پھیلنے کی رفتار زیادہ تھی۔ابھی تک آگ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا پورا جائزہ نہیں لیا جا سکا ہے ۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں کئی قیمتی فرنیچر اور سامان راکھ ہو گیا ہے ۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ نقصان کا جائزہ اور نقصان کی تلافی کے اقدامات کی معلومات جلد دی جائیں گی۔ افسران نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے ۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کا محکمہ مل کر جانچ شروع کر چکے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ یا کسی لاپرواہی کی وجہ سے بھی لگ سکتی ہے ، لیکن حتمی جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی صحیح وجہ سامنے آئے گی۔