گوا کی بحریہ کے طیارے کو حادثہ ، پائلیٹس کی تعریف

   

پاناجی /17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شری پدنائیک نے اتوار کے دن بحریہ کے دونوں پائلیٹس کی تعریف کی جو مگ لڑاکا طیارہ اڑانے کی تربیت حاصل کر رہے تھے ۔ یہ طیارہ پہاڑی علاقہ میں دیہات ورنا کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ تاہم دونوں پائلیٹس چھلانگ لگاکر محفوظ ہوگئے ۔ مگ 29 میں دونوں پائلیٹ کیپٹن ایم شیوقند اور لفٹیننٹ کمانڈر دیپک یادو نے حاضر دماغی کی وجہ سے طیارے کو حادثہ ہونے کا اندازہ لگالیا تھا ۔ چنانچہ انہوں نے طیارہ کو آبادی سے دور ویران علاقہ میں لے جاکر اس سے چھلانگ لگادی ۔ رکن پارلیمنٹ لوک سبھا شمالی گوا نائیک نے اپنے ٹوئٹر پر دونوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خوشحالی اور کامیابی کیلئے دعاء کی ۔ ضلع کلکٹر اجیت رائے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دونوں طیارے کے انجن سے باہر اس وقت چھلانگ لگانے پر مجبور ہوگئے جبکہ طیارہ شعلہ پوش ہوچکا تھا ۔