دہرادون / کیدارناتھ، یکم مئی(یو این آئی) معروف صنعت کار گوتم اڈانی جمعہ کے روز اتراکھنڈ کے کیدارناتھ دھام پہنچے ، جہاں انہوں نے بھگوان شیو کے گیارہویں جیوترلنگ کے درشن کیے اور اپنی اہلیہ پریتی کے ساتھ پوجا ۔کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آج کا دن ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے ، کیونکہ ایک طرف عالمی یومِ مزدور ہے اور دوسری طرف ان کی شادی کی 40ویں سالگرہ۔ اڈانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ “میں نے اس مبارک دن کی شروعات اپنی شریکِ حیات پریتی کے ساتھ کیدارناتھ دھام میں بھگوان مہادیو کے درشن اور آشیرواد سے کی۔ ان چار دہائیوں کے سفر میں پریتی نہ صرف میرا سہارا رہی ہیں بلکہ ہر مشکل میں ایک خاموش طاقت اور ہر کامیابی میں عاجزی کی بنیاد بھی رہی ہیں، جس کے لیے میں دل سے ان کا شکر گزار ہوں۔ اڈانی نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر “اپنی بات، اپنوں کے ساتھ” نامی ایک نئی پہل کا بھی اعلان کیا، جس کے ذریعہ وہ اڈانی گروپ کے چار لاکھ سے زائد ملازمین سے براہِ راست رابطہ قائم کریں گے اور اپنے خیالات و تجربات شیئر کریں گے ۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ وہ صبح دہلی سے دہرادون پہنچے اور وہاں سے نجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیدارناتھ روانہ ہوئے ۔ ان کے دورے کے پیش نظر علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔