نئی دہلی: ایودھیا سے بذریعہ سابرمتی ٹرین 27فروری 2002 کو واپس آنے والے 59 کار سیوکوں کومبینہ طورپر زندہ جلانے کے الزامات کے تحت ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کی اپیلوں پر حتمی سماعت کے لیئے سپریم کورٹ رضامند ہوگئی ہے ۔جمعیۃ علما ہند کی جاری ریلیز کے مطابق گذشتہ دنوں اس اہم معاملے کی سماعت سپریم کورٹ کی دو رکنی بینچ جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس کے وی وشوناتھن کے روبرو عمل میں آئی جس کے دوران عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ تمام عدالتی ریکارڈ جو گجراتی زبان میں ہے اس کا انگریزی زبا ن میں ترجمہ کرکے پیپر بک کی شکل میں عدالت میں داخل کرے ۔عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ یہ مقدمہ بہت بڑا ہے اور نچلی عدالت کا ریکارڈ گجراتی زبان میں ہے لہذا حتمی بحث شروع کرنے سے پہلے مقدمہ سے جڑے گجراتی زبان کے تمام دستاویزات کا انگریزی ترجمہ ہونا ضروری ہے ۔