سالِ نو کی مبارکباد دینے وزراء اور عوامی نمائندے راج بھون نہیں گئے
حیدرآباد۔یکم؍جنوری، ( سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون میںدوریاں ختم نہیں ہورہی ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے سرمائی تعطیلات کیلئے حیدرآباد میں قیام کے دوران امید تھی کہ گورنر سے کشیدگی کا ماحول کم ہوگا لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے صدر جمہوریہ کے استقبال کے علاوہ کسی پروگرام میں شرکت نہیں کی اور صدر جمہوریہ کو وداع کرنے بھی وہ ایرپورٹ نہیں پہنچے۔ صدر جمہوریہ کیلئے گورنر کے ڈِنر اور معززین کیلئے صدر جمہوریہ کی جانب سے ترتیب ظہرانہ میں وزراء اور اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ نئے سال پر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے پرجا دربار کا اہتمام کرکے عوام سے نئے سال کی مبارکباد قبول کی لیکن اعلیٰ عہدیدار غیر حاضر رہے۔ نئے سال پر وزراء، ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل نے گورنر سے ملاقات نہیں کی۔ سالِ نو کے موقع پر گورنر کو عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے مبارکباد پیش کرنے کی روایت موجود ہے لیکن بی آر ایس حکومت نے ان سے انحراف کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ مرکز کے تعاون سے تلنگانہ میں کورونا پر قابو پایا جاسکا۔ مرکز نے بروقت ٹیکے فراہم کرکے تلنگانہ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کی۔ گورنر نے کورونا سے نمٹنے تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ واضح رہے کہ گورنر کے ڈِنر میں اسپیکر اسمبلی پی سرینواس ریڈی، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی، مرکزی وزیر کشن ریڈی، ریاستی وزرا ہریش راؤ، ملا ریڈی اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے شرکت کی تھی۔ حکیم پیٹ ایرپورٹ پر صدر جمہوریہ کے استقبال کے بعد چیف منسٹر فارم ہاوز روانہ ہوگئے تھے۔ اس موقع پر گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان بات چیت ضرور ہوئی لیکن یہ رسمی نوعیت کی تھی۔ سمجھا جارہا تھاکہ چیف منسٹر راج بھون میں گورنر کے ڈِنر میں شریک ہوں گے لیکن انہوں نے صدر جمہوریہ کے پروگراموں سے خود کو دور رکھتے ہوئے یہ واضح کردیا کہ راج بھون سے دوری اور تلخی برقرار ہے۔ر