گورنر کو تلنگانہ اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت

   

وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی اور سکریٹری لیجسلیچر کی گورنر سے راج بھون میں ملاقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : راج بھون اور پرگتی بھون میں بجٹ اور گورنر کے خطبہ کے بارے میں تنازعہ کے حل کے بعد وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی اور سکریٹری لیجسلیچر نے راج بھون پہونچکر گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی ۔ گورنر کو اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی گئی ۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو کے مطابق 3 فروری کو اجلاس کے پہلے دن 12-10 بجے گورنر کا خطبہ رہے گا جب کہ ریاستی بجٹ 2023-24 وزیر فینانس ہریش راؤ 6 فروری کو پیش کریں گے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی ایماء پر حکومت اور راج بھون کے وکلاء نے مصالحت اور مفاہمت سے اتفاق کرتے ہوئے گورنر کے خطبہ سے بجٹ سیشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاستی وزراء ہریش راؤ ، پرشانت ریڈی اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد پرشانت ریڈی کو راج بھون روانہ کیا ۔ گورنر کو خطبہ کی دعوت دی گئی اور تقریر کی کاپی بعد میں روانہ کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ گورنر نے بجٹ کو منظوری نہیں دی اور اسمبلی سے خطاب کے انتظامات پر سوال کیا تھا ۔ راج بھون سے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے حکومت نے گورنر خطبہ کو بجٹ اجلاس کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ۔ گورنر کے خطبہ کو یقینی بنانے کیلئے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کو پروروگ کرتے ہوئے گورنر اعلامیہ جاری کریں گی اور اسمبلی بجٹ اجلاس طلب کرتے ہوئے نیا اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ اجلاس کو پروروگ کے بغیر ہی بجٹ سیشن طلب کیا گیا تھا تاکہ گورنر خطبہ کو روکا جاسکے ۔ گورنر نے گذشتہ بجٹ سیشن سے بھی خطاب نہیں کیا تھا ۔ اس مرتبہ ان کے تحت موقف کے آگے حکومت کو جھکنا پڑا ۔۔ ر