گوشہ محل میں نالہ پر تعمیر کی گئی سڑک بیٹھ گئی ۔ چند تاجرین زخمی

   

چند کاروں ‘ موٹر سیکلوں ‘ آٹوز اور ٹھیلہ بنڈیوں کو نقصان ۔ ریاستی وزیر اور مئیر حیدرآباد کا دورہ
حیدرآباد : /23 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین تجارتی علاقہ گوشہ محل چاکنہ واڑی میں آج اُس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب وہاں ایک نالہ منہدم ہوگیا ۔ نالہ پر کاروبار کرنے والے تاجرین زخمی ہوگئے جبکہ بعض گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں بڑا نالہ آج اچانک منہدم ہوگیا ۔ جمعہ کے موقع پر اس علاقہ میں ہفتہ واری مارکٹ لگائی گئی تھی اور چھوٹے تاجرین و ترکاری فروش کاروبار میں مصروف تھے کہ نالہ کا بڑا حصہ اور سڑک منہدم ہونے کے نتیجہ میں افراتفری کا شکار ہوگئے ۔ اس حادثہ میں نالہ پر پارک کاریں ، موٹر سائیکلیں ، آٹو اور ٹھیلہ بنڈیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ آدھا کیلو میٹر طویل نالہ اچانک منہدم ہونے کی اطلاع پر شاہ عنایت گنج پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور جی ایچ ایم سی کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ حادثہ کا شکار گاڑیوں کو پولیس نے بذریعہ کرین باہر نکالا اور زخمیوں کو دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیر ٹی سرینواس گوڑ اور جی ایچ ایم سی کی میئر گدوال وجئے لکشمی جائے حادثہ پر پہونچے اور معائنہ کیا ۔ جی ایچ ایم سی حکام نے بھی معائنہ کیا اور حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر جی ایچ ایم سی میئر نے کہا کہ منہدم نالے کی تعمیر 40 سال قبل کی گئی تھی اور اس پر سڑک تعمیر کرنے سے جانی نقصان نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ نالہ میں پانی کے بہاؤ کو برقرار رکھنے صفائی کی جارہی ہے جبکہ خصوصی ٹیموں سے نالے میں گری گاڑیاں اور دیگر اشیاء کو بھی نکالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ تجارتی ہونے سے نالے پر بڑی گاڑیاں بھی گزرتی ہیں جس سے نالے پر تعمیر کی گئی سڑک پر اثر پڑا اور بوسیدہ ہونے سے یہ منہدم ہوگیا ۔ زونل کمشنر روی کرن ، ایس سی رتناکر اور ڈپٹی کمشنر نائک کے ہمراہ میئر نے علاقہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے دوبارہ تعمیر کرنے کا حکم دیا ۔ ب