بنگلورو۔ جنتا دل (سکیولر) کے قومی صدر ای ڈی دیوی گوڈا نے دوروزقبل یہ کہا کہ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کو بدنام کرنے کی کانگریس اراکین اسمبلی کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔
پارٹی ورکرس کے ایک اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے گوڈا نے اشارۃ سابق چیف منسٹر سدارامیہ پر تنقید میں ‘ کہاکہ کانگریس کے پانچ سالہ دور اقتدار کو( جب سدارامیہ چیف منسٹرتھے) انہو ں نے کبھی تنقید کا نشانہ نہیں بنیاتھا‘ مگر کانگریس کے کچھ اراکین اسمبلی چیف منسٹر کے خلاف زبان درازی کررہے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ جے ڈی (ایس)اپنے ساتھیوں کا بہتر انداز میں خیال رکھے ہوئے ہے اور حکومت کانگریس اراکین اسمبلی کی ہر درخواست پر توجہہ دے رہے ہیں ‘ مگر وہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ’’ میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ جے ڈی(ایس) کانگریس اتحاد میں رخنہ پیدا ہو۔ مگر اسی دوران کانگریس لیڈرس کو بھی چاہئے کہ وہ غیر ضروری تبصرہ ہم پر کرنا چھوڑ دیں‘‘۔
کمارا سوامی بھی یہ کہتے ہوئے واضح کررہے ہیں کہ ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جوقربانیوں کے لئے پہچانی جاتی ہے‘انہوں نے دیوی گوڑا کا 1990کے دہے میں وزیراعظم کے عہدے کو چھوڑنے کے واقعہ کا حوالہ دیا۔
انہوں نے پوچھا کہ’’ تو پھر میں چیف منسٹر کے عہدے پر کس طرح چپکا رہوں گا‘‘