حیدرآباد 8 نومبر(سیاست نیوز) شہر کے گچی باؤلی علاقہ کے گاؤلی ڈوڈی میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا۔ مہلوکین میں معمر میاں بیوی اور ان کا 38 سالہ بیٹا شامل ہے۔ اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔تفصیلات کے مطابق مہلوکین کی شناخت 65 سالہ باتھولا مریڈی ، ان کی بیوی 60 سالہ بھارتی اور بیٹے 38 سالہ نشانت ریڈی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ نشانت ریڈی سافٹ ویئر شعبہ سے وابستہ تھا۔ یہ خاندان گزشتہ ایک سال سے گچی باؤلی کے گاؤلی ڈوڈی علاقہ میں واقع جئے بھیری نروانا اپارٹمنٹس میں مقیم تھا۔بتایا گیا کہ اتوار کی صبح پولیس کو اطلاع ملی کہ مذکورہ خاندان کے افراد فون کالس کا جواب نہیں دے رہے ہیں اور فلیٹ کا دروازہ بھی نہیں کھول رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی گچی باؤلی پولیس وہاں پہنچ گئی اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی، جہاں تینوں افراد مردہ پائے گئے۔گچی باؤلی پولیس انسپکٹر کے سائیڈولو کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ خاندان کے افراد بعض صحت کے مسائل اور خاندانی پریشانیوں کا شکار تھے۔ شبہ ہے کہ انہی مسائل کے نتیجہ میں یہ انتہائی قدم کیا گیا ہو، تاہم اصل وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مزید معلومات حاصل کئے جا رہیں ہیں ۔ ب
سڑک حادثہ میں نوجوان کی موت ‘ ساتھی زخمی
حیدرآباد، 8 نومبر(سیاست نیوز) راجندر نگر میں ایک سڑک حادثہ میں 18 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہوگیا۔ نوجوان کے والدین نے ایک دن قبل ہی اس کی خواہش پوری کرکے نئی موٹر سائیکل خرید کر دی تھی۔ مہلوک نوجوان کی شناخت ایپا عرف آکاش کی حیثیت سے کی گئی ۔ وہ مزدوری کرنے والے راجو اور گھریلو ملازمہ کماری کا اکلوتا بیٹا تھا۔ آکاش کافی عرصہ سے اپنے والدین سے موٹر سائیکل خریدنے کی خواہش ظاہر کررہا تھا۔ معاشی مشکلات کے باوجود والدین نے اس کی خواہش پوری کرکے نئی موٹر سائیکل خرید کر دی۔بتایا گیا کہ اسی روز رات تقریباً 9 بجے آکاش اپنے دوست رام چرن کے ساتھ موٹر سائیکل پر راجندر نگر سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن کھو گیا اور گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ آکاش کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ اس کا ساتھی رام چرن شدید زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے دواخانہ منتقل کیا گیا۔اس واقعہ سے آکاش کے والدین پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ جس بیٹے کی خواہش پوری کرنے انہوں نے اپنی مالی مشکلات کے باوجود نئی موٹر سائیکل خریدی تھی، وہی موٹر سائیکل ان کے لیے زندگی بھر کے غم کا سبب بن گئی۔ب