گچی باؤلی کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ

   

بادل کی طرح دھوئیں سے علاقہ میں سنسنی، کافی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو

حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ گچی باؤلی کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ رائے درگم پولیس حدود میں واقع گرین باورچی میں آج صبح اچانک آگ لگ گئی۔ اس آتشزدگی کے سبب علاقہ میں خوف پیدا ہوگیا اور کثیف دھویں سے سارے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے فوری بعد پولیس اور آتش فرو عملہ نے مقام واردات پہنچ کر راحت کاری کے اقدامات انجام دیئے۔ دھویں کے سبب راحت کاری ٹیموں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے بلدیہ کی ٹیموں کو طلب کرلیا تھا اور کئی گھنٹے مشقت کے بعد 4 فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ہوٹل میں پھنسے افراد کو بڑی مستعدی اور احتیاط کے ساتھ باہر نکالا گیا تاہم اس مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ بتایا جاتا ہیکہ آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی اور ساری عمارت میں پھیل گئی۔ آگ لگنے کے بعد دوسری منزل پر موجود عملہ نے تیسری منزل کا رخ کیا اور بچاؤ کے اقدامات کئے۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سریدھر نے بتایا کہ سارے معاملہ کی جانچ کی جائے گی۔ آگ پر قابو پانے میں عملہ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا چونکہ جس عمارت میں ہوٹل واقع ہے اس میں کوئی ایمرجنسی اقدامات نہیں کئے گئے اور عمارت کی تعمیر بھی شرائط کے مطابق انجام نہیں دی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع