بھوپال : مدھیہ پردیش کے شیور ضلع میں ایک 26سالہ دولھا شادی کی بارات کے دوران گھوڑے پر بے ہوش ہوکر گرپڑا اور اس کی موت واقع ہوگئی ۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا اور اس کے آخری لمحات کی ایک ویڈیو ہفتہ کو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ۔ اس واقعہ کے بعد شادی کا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا ۔ دولھا کی شناخت پردیپ جاٹ کے طور پر ہوئی جو نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی) ، کانگریس کی طلبہ تنظیم کے سابق ضلعی صدر تھے ۔ڈسٹرکٹ ہاپسٹل کے سیول سرجن ڈاکٹر آر بی گوئل نے بتایا کہ خاندان کے افراد انہیں فوراً اسپتال لے گئے لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکے تھے ۔ ممکنہ طور پر دولھا دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا ۔