ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم ، حکومت کی سازش ناکام : کے ٹی آر

   

آج 10 بجے سرور نگر اسٹیڈیم پہونچنے کی نوجوانوں ، طلبہ اور خواتین سے اپیل کی
حیدرآباد 17 جولائی ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے ریونت ریڈی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرور نگر اسٹیڈیم میں 18 جولائی کو ہونے والی یوتھ کانفرنس میں رکاوٹ ڈالنے اور بے روزگار نوجوانوں کی آواز کو دبانے کی تمام سازش ناکام ہوگئی ۔ کانگریس حکومت نے جلسہ عام کی اجازت نہیں دی تاہم ہائی کورٹ نے جمہوری حقوق کا تحفظ کرکے اجازت دی ہے ۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تلنگانہ کے نوجوانوں ، طلبہ اور خواتین سے ہفتہ کو صبح 10 بجے سرور نگر اسٹیڈیم پہونچنے کی اپیل کی اور کہا کہ کانگریس نے انتخابات کے دوران نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں جیسے ملازمتوں کی فراہمی ، بیروزگاری بھتہ کو پورا نہ کرکے دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت جتنی رکاوٹیں کھری کرے بی آر ایس بے روزگار نوجوانوں کے حقوق کیلئے جنگ جاری رکھے گی ۔ اس جلسہ کے ذریعہ ریونت ریڈی حکومت کے فریب کا پردہ فاش کر کے اسے جھکنے پر مجبور کردے گی ۔ بی آر ایس نے اس احتجاجی جلسے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔ بی آر ایس کے 18 جولائی کو سرور نگر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کی پولیس سے اجازت طلب کی تھی لیکن لمحہ آخر میں پولیس نے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ جس پر بی آر ایس نے ہائی کورٹ میں لنچ موشن پٹیشن داخل کی تھی جس پر سماعت ہوئی ۔ سرکاری وکیل نے انٹلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل پیش کی ۔ اس کانفرنس سے لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ تاہم ہائی کورٹ نے مشروط اجازت کے ساتھ بی آر ایس کو جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی ۔۔ 2/k/b