’ہارن ‘ کے بیجا استعمال کے خلاف خصوصی مہم

   

شہر میں صوتی آلودگی پر قابو پانے پولیس کی کوشش
حیدرآباد۔/27 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) شہر میں صوتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے حیدرآباد پولیس ہارن کے بیجا استعمال کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز رہے گی اور گاڑیوں کے ہارن کا بیجا استعمال کرنے پر شعور بیداری کی جائے گی۔ یہ بات پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 1.2 کروڑ عوام ہے اور پولیس نے اپنے تجزیہ میں یہ پتہ لگایا ہے کہ نوجوان جن کی عمریں 16 تا21 سال ہے اپنی گاڑیوں کے ہارن کا بیجا استعمال کرتے ہوئے صوتی آلودگی کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقیافتہ ممالک میں ہارن کے غیر ضروری استعمال کو عیب سمجھا جاتا ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں غیر ضروری ہارن کا مسلسل استعمال کرنے پر صوتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ حیدرآباد پولیس نوجوانوں کی جانب سے ہارن کے غیر ضروری استعمال پر چالان کرنے کے بجائے ان میں شعور پیدا کرنے کو اولین ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہارن کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہارن کے آوازوں سے شیر خوار بچوں اور ضعیف افراد کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔