ہر سال ایم بی بی ایس میں مسلم طلبا کے داخلوں میں اضافہ خوش آئند

   

سال حال داخلہ پانے والے 603 مسلم طلبہ کی ایوارڈز تقریب ، ظہیرالدین علی خاں ، عامر علی خاں اور انور احمد کا خطاب
ادارۂ سیاست و ایم ایس ایجوکیشن کے اشتراک سے انعقاد
تلنگانہ کے 42 میڈیکل کالجس میں مسلم طلبہ کی نمائندگی
4 فیصد تحفظات کے علاوہ عام زمرہ میں بھی داخلہ

حیدرآباد : /18 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر نہ صرف ایک معزز پیشہ ہے بلکہ انسانیت کی خدمت سے سرشار ہے ۔ شعبہ طب سے وابستہ ہونے کے بعد خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا ہوجاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم بی بی ایس میں داخلہ پائے مسلم طلبہ کی ایوارڈ تقریب سے جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے عابد علی خاں سنٹینری ہال احاطہ سیاست عابڈس پر مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ہر سال مسلم طلبہ کا میڈیسن میں داخلہ کا نہ صرف رجحان بڑھ رہا ہے بلکہ ان کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ مسلم طلبہ میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں وہ حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کی طرف گامزن ہیں ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاںنے ایم بی بی ایس میں داخلہ پانے والے طلبہ اور سرپرستوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اس سال گورنمنٹ میناریٹی اور پرائیویٹ میڈیکل کالجس میں 603 مسلم امیدواروں کو داخلہ ملا جو خوش آئند علامت ہے ۔ طالب علم دوران تعلیم عصری تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تیاری کریں تاکہ ترقی کی طرف گامزن رہیں ۔ انہوں نے بدلتے حالات میں خود کو ڈھالتے ہوئے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔ جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے اس خصوصی تقریب کے انعقاد پر بتایا کہ اس قسم کے پروگرام سے طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اس پروگرام کو ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا اشتراک حاصل تھا ۔ چیرمین جناب محمد لطیف خان نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پروگرام کے مہمان خصوصی محمد انور احمد ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے علم کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن کے ادارہ جات جہاں تعلیمی شعبہ کے مختلف کورسز و احاطہ کررہا ہے تاحال 17000 ڈاکٹرس تیار کیا ہے ۔ میڈیسن ، انجنیئرنگ کے ساتھ سی اے کیلئے بھی مسلم طلبہ کو تیار کیا جارہا ہے ۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کے واقعہ کے حوالہ سے بتایا کہ جو علم خدا سے مانگا نہ دولت کی طلب کی نہ شہرت کی اس سے علم کا رتبہ سب سے بڑا ہے ۔ ایم اے حمید کنوینر پروگرام و کیرئیر کونسلر سیاست نے نیٹ 2022 ء کی تفصیلات کے ساتھ ایم بی بی ایس داخلوں کی تفصیل بتائی ۔ تلنگانہ کے 18 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 179 طلبہ اور پرائیویٹ نان میناریٹی 20 کالجس میں 94 اور چار مسلم میناریٹی میڈیکل کالجس میں 330 طلبہ کو اے زمرہ میں داخلہ ملا ۔ جملہ تعداد 603 رہی جو سال گزشتہ سے 54 زیادہ ہے ۔ ان اعداد و شمار کے حوالہ سے ایم بی بی ایس کے تین زمرہ جات اور ان کی فیس کی تفصیلات پیش کی ۔ اے زمرہ میں کم فیس پر داخلہ ہوتا ہے جبکہ بی زمرہ اور سی زمرہ میں خطیر رقم دے کر طالبعلم داخلہ پاتے ہیں ۔ ادارۂ سیاست اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے باہمی اشتراک سے تمام 42 میڈیکل کالجس کے طلبہ کو ایوارڈ میں میڈل اور سرٹیفکیٹ عطا کئے گئے ۔ دوردراز مقامات سے طلبہ اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔ ایمس بی بی نگر ، عثمانیہ میڈیکل کالجس ، گورنمنٹ میڈیکل کالجس کے ساتھ دیگر خانگی میڈیکل کالجس کے طلبہ نے شرکت کی اور ایوارڈ حاصل کئے ۔ جن میں قابل ذکر حافظ سید شاہ غفور الحق مرحوم خطیب جامع مسجد افضل گنج کی نبیری ، ڈاکٹرس ، معززین کے لڑکے / لڑکیاں شامل ہیں ۔ خواجہ علی شعیب ، احمد بشیر الدین فاروقی ، ڈاکٹر ناظم علی ، تمیز الدین احمد ، عبدالستار موجود تھے ۔ ایم اے حمید نے نظامت کی اور شکریہ ادا کیا ۔