ہریانہ میں یوم جمہوریہ تقریبات کیلئے سخت حفاظتی انتظامات

   

چنڈی گڑھ: ہریانہ پولیس نے پوری ریاست میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے حفاظتی انتظامات سخت کردیئے ہیں۔ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار اگروال نے منگل کو یہاں کہا کہ تمام پولس کمشنروں اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ 26 جنوری کو ہونے والے پرچم کشائی اور دیگر تقاریب کیلئے تمام مقامات پر مناسب حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ تقریب کے مقامات کی طرف جانے والے تمام راستوں پر ناکے مضبوط کر کے اچانک معائنہ کے ساتھ نگرانی کی جا رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران خاص طور پر مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر ٹریفک کے ہموار انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے حساس مقامات پر پولس اہلکار سخت نگرانی کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لاوارث گاڑیوں، سامان کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ تمام اہم مقامات پر گشت اور چیکنگ کے علاوہ ریاست بھر میں ٹرینوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے دیگر طریقوں پر بھی خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بازاروں، بس اسٹینڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں جیسے اہم مقامات پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے ۔ ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، پارکنگ لاٹس اور ریسٹورنٹس کو بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔ عام آدمی کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس پٹرولنگ کے علاوہ گاڑیوں کی چیکنگ بھی بڑھا دی گئی ہے ، خاص طور پر رات کے اوقات میں۔ اگروال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کے بارے میں اطلاع ملنے پر فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔