ہریانہ ‘ نائب سنگھ سائنی چیف منسٹر برقرار رہیں گے ‘ بی جے پی

   

چندی گڑھ : ہریانہ کے موجودہ چیف منسٹر نائب سنگھ سائنی امکان ہے کہ اس عہدہ پر ایک اور معیاد کیلئے برقرار رہیں گے ۔ بی جے پی قائدین نے یہ بات بتائی اور ان قیاس آرائیوں کو ختم کردیا کہ انہیں تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ کچھ گوشوں سے ان پر غیرموثر یا غیر کارکرد ہونے کے الزامات عائد کئے جا رہے تھے ۔ بی جے پی ہریانہ میں لگاتار تیسری معیاد کیلئے اقتدار حاصل کر رہی ہے اور اس نے کانگریس کو اس معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ کانگریس حالانکہ ریاست میں حصول اقتدار کیلئے پرامید تھی تاہم اسے مایوسی ہوئی ہے ۔ بی جے پی نے انتخابات سے قبل ہی یہ واضح کردیا تھا کہ نائب سنگھ سائنی اس عہدہ پر دوبارہ برقرار رہیں گے تاہم یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انہیں مختصر مدت کیلئے یہ ذمہ داری دی گئی تھی اور انہیں تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ تاہم اب یہ امکان مسترد کردیا گیا ہے اور بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر نائب سنگھ سائنی کو ہی برقرار رکھا جائیگا ۔ مسٹر سائنی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی سماجی اہمیت کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے یہ عہدہ دیا گیا تھا ۔ مسٹر سائنی انتخابات سے 200 دن قبل ریاست کے چیف منسٹر بنائے گئے تھے اور بی جے پی نے مخالف حکومت لہر سے نمٹنے یہ اقدام کیا تھا اور نتائج سے ایسا لگتا ہے کہ اس کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا ہے ۔ سابق چیف منسٹر منوہر لال کھٹر کو لوک سبھا الیکشن کیلئے منتخب کیا گیا تھا اور اب وہ مرکزی وزیر ہیں۔ ریاستی بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ اپنے مختصر وقت میں مسٹر سائنی نے تاجروں ‘ نوجوانوں اور پسماندہ طبقات و سرکاری ملازمین کی بہتری کی کئی اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنایا تھا جن کے نتیجہ میں پارٹی کو دوبارہ عوامی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ ان اسکیمات کی وجہ سے مخالف حکومت لہر کا اثر توڑا جاسکا ہے ۔