ہلال احمد رافیل اُڑانے والے پہلے ہندوستانی پائلٹ

,

   

کشمیر کے ایر کموڈرکا ہوابازی میں شاندار ریکارڈ ، 3,000 گھنٹوں کی پرواز میں کوئی حادثہ نہیں

نئی دہلی : فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیارہ رافیل کو اڑانے والے پہلے ہندوستانی پائلٹ ایر کموڈر ہلال احمد راٹھر ہوں گے ۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ہلال احمد ہوا بازی میں شاندار ریکارڈ کے حامل ہیں۔ انہوں نے میراج۔2000 ، مگ۔21 اور کرن جیسے معیاری طیارے اڑائے اور 3000 گھنٹوں کی ہوابازی کا تجربہ رکھتے ہیں جس میں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا ۔ اب ہلال احمد کا نام ہندوستان میں رافیل کی تاریخ کے ساتھ ہمیشہ کے لئے جڑ جائے گا کیونکہ انہیں رافیل کی پرواز کیلئے منتقل کیا گیا ہے ۔ ہلال احمد کو فرانس میں ہندوستان کے ایر اتاشی کی ذمہ داری سونپی گئی اور انہوں نے رافیل طیاروں کو ہندوستانی ضرورتوں اور یہاں کے موسم کے اعتبار سے ڈھالنے میں اپنے تجربات پیش کئے اور ان طیاروں کو پوری طرح ہندوستانی ساخت میں ڈھالنے میں اہم رول ادا کیا۔ اننت ناگ میں متوسط طبقہ کی فیملی سے تعلق رکھنے والے ہلال احمد کے والد محمد عبداللہ راتھر مرحوم ریٹائرڈ ڈی ایس پی ، جموں و کشمیر پولیس تھے۔ انہیں تین بہنیں ہیں اور وہ اپنے والدین کے واحد بیٹے ہیں۔ ہلال احمد نے ضلع جموں کے نگروتا ٹاؤن کے سائنک اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ انہیں انڈین ایرفورس میں فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے 17 ڈسمبر سے 1988 ء کو شامل کیا گیا تھا۔ 1993 ء میں وہ فلائیٹ لیفٹننٹ بنے ، 2004 ء میں ونگ کمانڈر ، 2016 ء میں گروپ کیپٹن اور 2019 ء ایر کموڈور بنے ۔