ہمارے اڈ وں پر حملوں کا منہ توڑ جواب ملے گا ،ایران کا انتباہ

   

تہران : شام میں ایران کے اڈوں پر حملوں کا جواب دیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی ایران کے مطابق،ایرانی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کیوان خسروی نے گزشتہ روزکہا ہے کہ شام میں ایران سے منسلک فوجی اڈوں پرحالیہ حملوں کا فوری جواب دیا جائے گا۔شام میں امریکہ اورایران کی اتحادی ملیشیاؤں کے درمیان جھڑپوں میں 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یہ دونوں متحارب ملکوں کی اتحادی فوجوں کی ایک دوسرے کے ساتھ گذشتہ برسوں میں خونریزجھڑپیں ہیں۔ ترجمان کیوان خسروی نے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردی اورداعش کے عناصرسے نمٹنے کے لیے شامی حکومت کی درخواست پربنائے گئے ٹھکانوں پرحملے کے کسی بھی بہانے کا فوری جواب دیا جائے گا۔ایران کا کہنا ہے کہ اس کی افواج اوراتحادی جنگجو دمشق کی درخواست پرشام میں موجودہیں اور وہ امریکی افواج کو قابض سمجھتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے شام کے مشرقی علاقے میں ایران نواز تنصیبات پرفضائی حملے کیے ہیں۔اس نے جمعرات کے روزایک ڈرون حملے کے جواب میں فضائی بمباری کی تھی اس ڈرون حملے میں ایک امریکی ٹھیکیدار ہلاک اور پانچ امریکی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایرانی ساختہ تھا۔امریکی صدرجوبائیڈن نے جمعہ کے روز ایران کو خبردارکیا تھا کہ امریکیوں کے تحفظ کے لیے طاقت کے ساتھ کارروائی’کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ایران شام میں 12 سال سے جاری تنازع کے دوران میں صدربشارالاسد کا بڑا حامی اور پشتی بان رہا ہے۔