بدلتے وقت کی ضرورتوں کے مطابق باہمی تعلقات میں تبدیلی لائیں گے ۔ مودی اور محمد بن سلمان کا اجلاس
نئی دہلی : ہندوستان۔سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی پیر کو یہاں پہلی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے اپنے گہرے باہمی تعاون میں اقتصادی تعاون، توانائی کی ترقی اور ڈیجیٹل رابطے کی نئی اور جدید جہتوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے مشترکہ طور پر میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے بعد مودی نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کی دوستی علاقائی اور عالمی استحکام، خوشحالی اور انسانی بہبود کیلئے اہم ہے ۔ سال 2019 میں سعودی عرب کے دورے کے دوران اعلان کردہ ہندوستان ۔سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے رہنماؤں کی پہلی میٹنگ میں شرکت کرنا ان کیلئے خوشی کی بات ہے ۔ ان چار برسوں میں یہ کونسل ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کیلئے ایک موثر ذریعہ کے طور پر ابھری ہے ۔ مودی نے کہا کہ اس کونسل کے تحت دونوں کمیٹیوں کی کئی میٹنگیں ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ہر شعبے میں ہمارا باہمی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ بدلتے وقت کی ضروریات کے مطابق ہم اپنے تعلقات میں نئی اور جدید جہتیں شامل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہندوستان کے لئے ہمارے اہم ترین اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے ۔ دنیا کی دو سب سے بڑی اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں کے طور پر ہمارا باہمی تعاون پورے خطے کے امن اور استحکام کیلئے اہم ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات میں ہم نے اپنی قریبی شراکت داری کو اگلی سطح تک لے جانے کیلئے متعدد اقدامات کی نشاندہی کی ہے ۔ ہماری آج کی ملاقات ہمارے تعلقات کو ایک نئی توانائی، ایک نئی سمت دے گی اور انسانیت کی بہتری کیلئے مل کر کام کرتے رہنے کی ترغیب دے گی۔ مودی نے کہا کہ اتوار کو ہم نے مل کر ہندوستان، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری کے قیام کی ایک تاریخی شروعات کی ہے ۔ یہ راہداری نہ صرف دونوں ممالک کو جوڑے گی بلکہ ایشیا، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعاون، توانائی کی ترقی اور ڈیجیٹل رابطے کو بھی تقویت دے گی۔ سعودی عرب کے ولی عہد کی قابل اور دور اندیش قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کی قیادت میں اور آپ کے ویژن 2030 کے ذریعے سعودی عرب کے تیزی سے معاشی اور سماجی ترقی کرنے پر آپ کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب میں رہنے والے ہندوستانیوں کے مفادات اور فلاح و بہبود کے تحفظ اور G-20 چوٹی کانفرنس کی کامیابی میں ان کے تعاون کے لئے حکومت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔