ہندوستان میں اکتوبر سے قبل گودھرا جیسے واقعات کا اندیشہ: پرکاش امبیڈکر

   

امریکی مذہبی آزادی کمیشن رپورٹ کا حوالہ، آسام اور بنگال میں شروعات ہوچکی ہے

حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) مشہور سماجی جہد کار اور ونچت بہوجن اگھاڑی (VBA) کے صدر پرکاش امبیڈکر نے ملک میں اکتوبر سے پہلے گودھرا جیسے واقعات کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے مسلمانوں سے چوکسی کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر پرکاش امبیڈکر کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوا جس میں وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ ملک میں ہندوتوا طاقتوں کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ مسلمان اور غریب طبقہ ہندو طاقتوں کا اصل نشانہ ہے۔ امریکہ میں مذہبی آزادی سے متعلق کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اکتوبر سے قبل ملک کے گوشے گوشے میں گودھرا جیسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔ امریکی کمیشن کی رپورٹ انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ صحیح ہے یا غلط اس بارے میں میں کچھ نہیں کہوں گا تاہم جب کسی ملک کا کمیشن یہ کہہ رہا ہے تو اسے سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اس معاملہ کو سنجیدگی کے ساتھ نمٹنے پر انہیں شبہ ہے۔ سیاسی پارٹیوں اور ان کی قیادتوں کے لئے اس طرح کے حالات سیاسی ضرورت ہیں۔ ملک کے مسلمان اگر یہ قتل عام روکنا چاہتے ہیں تو وہ فوری چوکس ہو جائیں۔ اس طرح کے واقعات کو روکنے مسلمانوں کے ہاتھ میں ہیں جس طرح رمضان میں عید ملاپ کے ذریعہ تمام طبقات کو مدعو کیا جاتا ہے اسی طرح اپنی اپنی آبادیوں اور محلہ جات میں ملاپ کے پروگرام منعقد کریں جس سے نفرت میں کمی آئے گی۔ نفرت کی مہم روکنے کے لئے عوام کے درمیان جانا ضروری ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ آسام اور بنگال میں اس کی شروعات ہوچکی ہے۔ ٹرین، بسوں اور عوامی مقامات پر کھلے عام تلوار اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ گھومنا اس کا ثبوت ہے۔ مسلمانوں کو دھمکانے کی شروعات ہوچکی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جن قائدین پر ہم بھروسہ کرتے رہے وہ صورتحال سے لڑنے میں کس حد تک سنجیدہ ہیں دیکھنے کا وقت آچکا ہے۔ کیا یہ قائدین بی جے پی سے مقابلے میں سنجیدہ ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بنگال میں مرشد آباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں کانگریس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ کانگریس اور ترنمول کانگریس کو میں نے مشورہ دیا تھا کہ وہ نشستوں پر مفاہمت کریں لیکن وہ تیار نہیں ہوئے اور نتائج ہم سب کے سامنے ہیں۔ 1؍F
گریٹر حیدرآباد میں آج سے پھر ریگولر بس کرایوں کی بحالی
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے گریٹر حیدرآباد حدود میں اس کی اسپیشل سمر ڈسکاؤنٹ اسکیم کے اختتام کا اعلان کیا ہے۔ تین ماہ کی یہ رعایتی مدت کے 31 مئی کو ختم ہونے کے ساتھ یکم جون سے میٹرو ڈیلکس اور اے سی بسوں میں پھر سے ریگولر کرایہ بحال ہوگا۔