ہندوستان میں سوشیل میڈیا کے استعمال کیلئے عمر کے تعین پر مشاورت

   

16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشیل میڈیا استعمال پر پابندی کا منصوبہ
حیدرآباد۔20جولائی(سیاست نیوز) ہندستان میں سوشیل میڈیا کے استعمال کی عمر طئے کرنے کے سلسلہ میں مرکزی حکومت مشاورت کا آغاز کرچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ہندستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ مرکزی حکومت کے محکمہ الکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے سوشل میڈیا کی حد عمر طئے کرنے کے سلسلہ میں مختلف ذمہ داروں سے مذاکرات کئے جانے لگے ہیں۔سیکریٹری مرکزی محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی مسٹر ایس کرشنن نے بتایا کہ آسٹریلیاء میں سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے حد عمر طئے کئے جانے کے بعد سے ہی ملک بھر میں اس بات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف گوشوں سے دباؤ ڈالا جانے لگا تھا اور اب حکومت 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس کو بند کرنے کیلئے قانون سازی کا جائزہ لینے لگی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ماہرین نفسیات اور ٹکنالوجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات سے کم عمر میں سوشیل میڈیا کے استعمال سے بچوں کے مزاج میں رونما ہونے والی تبدیلی کے خطرناک نتائج کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ نے غیر سرکاری تنظیموں ‘ سرکردہ اداروں ‘ کمپنیوں کے علاوہ والدین ‘ سرپرستوں اور اولیائے طلبہ کے علاوہ طلبہ تنظیموں میں شامل نوجوانوں سے اس سلسلہ میں مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر ایس کرشنن نے بتایا کہ سوشیل میڈیا کے استعمال کیلئے حد عمر کے تعین کے معاملہ میں پارلیمانی کمیٹی نے بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور عالمی سطح پر کم عمر میں سوشیل میڈیا کے استعمال کے منفی رجحانات موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے یوروپی ممالک میں سوشیل میڈیا کے استعمال پر عائد پابندیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے والدین کی نگرانی میں ہی سوشیل میڈیا کے استعمال اور 16 سال عمر ہونے کے بعد آزادانہ طور پر سوشل میڈیا کے استعمال کی اجازت کے سلسلہ میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعدہی یہ فیصلہ لیا جائے گا۔3/a/b