ہندوستان میں لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی: ڈاکٹر انیل گوئل

   

95 فیصد ٹیکہ اندازی مکمل ، بچاؤ کیلئے ماسک اور دیگر احتیاطی تدابیر کا مشورہ
حیدرآباد ۔22 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے ڈاکٹر انیل گوئل نے کہا کہ اگرچہ بعض ممالک میں کورونا ویرینٹ کیسوں میں اضافہ ہواہے لیکن ہندوستان میں لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی کیونکہ 95 فیصد عوام نے کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لئے ہیں۔ ٹیکہ اندازی کی ملک میں 95 فیصد کی تکمیل کے نتیجہ میں ہندوستانیوں کی قوت مدافعت چین کے عوام سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے ہندوستان کو کووڈ قواعد پر عمل کے علاوہ ٹسٹنگ ، علاج اور دیگر احتیاطی تدابیر پر توجہ دینی ہوگی۔ واضح رہے کہ جاپان ، امریکہ اور بعض دیگر ممالک میں کووڈ کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر ہندوستان میں چوکسی اختیار کی گئی ۔ بیرونی ممالک سے آنے والے تین شہریوں میں نئے ویرینٹ پائے جانے کے بعد کیسوں میں اضافہ اور دوبارہ لاک ڈاؤن کے اندیشوں کا اظہار کیا جارہا ہے ، ایسے میں انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے انیل کمار گوئل نے یہ کہتے ہوئے ہندوستانیوں کو راحت پہنچائی کہ لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ ہندوستانیوں کی قوت مدافعت دیگر ممالک کے مقابلہ بہتر ہے کیونکہ ٹیکہ اندازی مہم 95 فیصد مکمل ہوچکی ہے ۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بچاؤ کیلئے کووڈ قواعد پر عمل کریں۔ پرہجوم مقامات پر ماسک کا استعمال کیا جائے اور سنیٹائزر کے علاوہ سماجی دوری کا خیال رکھا جائے۔ مرکزی وزارت صحت نے بھی ملک بھر کیلئے کووڈ سے بچاؤ کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ر