سماجی فاصلہ اور ماسک کے لزوم کو دوبارہ عائد کئے جانے کا امکان
حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کی اطلاعات کے ساتھ دوبارہ سماجی فاصلہ اور ماسک کا لزوم عائد کیا جاسکتا ہے! مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومتوں کے لئے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کے بعد کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب اور تلنگانہ میں پائے جانے والے مریضوں کی تعداد اور ان میں ہونے والے اضافہ کے متعلق محکمہ صحت نے رپورٹ وصول کرنی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جاریہ ماہ کے اوائل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ سے کورونا وائرس کے مثبت مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ بھی دیکھا جانے لگا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ضلع واری اساس پر پائے جانے والے مریضوں سے حاصل کئے جانے والے نمونوں کو مرکزی اداروں کو روانہ کرتے ہوئے ان کی جانچ کے سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا اور اگر کورونا وائرس کے مریضوں میں وائرس کی کوئی نئی قسم پائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں محکمہ صحت کی جانب سے نئی تحدیدات بالخصوص ماسک کے لزوم کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے سلسلہ میں شرائط عائد کرنے کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی نئی لہر کے سلسلہ میں جو اطلاعات آرہی ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ماہر اطباء جو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مہارت رکھتے ہیں ان کا کہناہے کہ موسم سرمامیں پائی جانے والی شدت کے سبب شہریوں کے پھیپڑوں میںپائے جانے والے عوارض اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات عام ہوتی ہیں اسی لئے مریضوں کی جانب سے ان شکایات پر توجہ نہیں دی جاتی جو کہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے کسی بھی طرح کے عوارض و علامات کا شکار ہونے والے مریضوں کو گھریلو نسخوں پر انحصار کرنے کے بجائے فوری طور پر اپنے ڈاکٹر سے رجوع ہونے کو ترجیح دینی چاہئے ۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ماسک کا استعمال شہریوں کو کسی بھی طرح کے وبائی امراض کے علاوہ آلودگی سے محفوظ رکھنے میں بے انتہاء معاون ثابت ہوتا ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے ماسک کا لزوم عائد کئے جانے سے قبل خود شہریوں کو احتیاط کے طور پر ماسک کے استعمال کا آغاز کرناچاہئے تاکہ اگر کورونا وائرس کی لہر شروع بھی ہوتی ہے تو شہری اس کا شکار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔م