اوکازاکی، 30 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستان نے چہارشنبہ کو ایشین گیمز میں کمپاؤنڈ تیر اندازی کے تینوں ٹیم مقابلوں کے گولڈ میڈل جیت کر کلین سویپ مکمل کرلیا۔ ہندوستانی تیر اندازوں نے خواتین کی ٹیم، مکسڈ ٹیم اور مردوں کی ٹیم مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس کھیل میں ملک کی برتری کا شاندار مظاہرہ کیا۔اس غیر معمولی کامیابی کا آغاز چکیتا تنیپارتھی، پرتھیکا پردیپ اور جیوتی سریکھا وینم کی خواتین ٹیم نے کیا، جنہوں نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ اس کے بعد چکیتا اور ساحل جادھو نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر مکسڈ ٹیم کا سنسنی خیزگولڈ میڈل جیتا۔ آخر میں کشال دلال، ساحل جادھو اور گنیش مانی رتنم تھروموروکی مردوں کی ٹیم نے چین کو دلچسپ فائنل میں شکست دے کر ہندوستان کے لیے تینوں گولڈ میڈل یقینی بنادیے۔ہندوستان نے ایک ہی دن تین مختلف نوعیت کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ خواتین کی ٹیم نے عالمی ریکارڈ کی برابری کی، مکسڈ ٹیم نے شوٹ آف میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کی، جبکہ مردوں کی ٹیم نے فائنل میں پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔ خواتین کی ٹیم نے چین کو 238-234 سے شکست دے کر دن کا آغازکیا۔ ہندوستان نے 2018 میں سلور اور2014 میں برونز میڈل جیتا تھا، جبکہ گزشتہ ایشین گیمز میں حاصل کیے گئے گولڈ میڈل کا کامیابی سے دفاع کیا۔چکیتا، پرتھیکا اور جیوتی نے 238 پوائنٹس حاصل کرکے جنوبی کوریا کے 2014 کے انچیون ایشین گیمز میں قائم کیے گئے عالمی ریکارڈ کی برابری کی۔ ہندوستانی ٹیم نے ابتدائی برتری حاصل کرنے کے بعد آخری مرحلے تک اپنا اعصاب قابو میں رکھا اور آخر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو مقابلے میں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔اس کے بعد مکسڈ ٹیم فائنل میں مقابلہ مزید سنسنی خیز ہوگیا۔ مقررہ مقابلے کے اختتام پر چکیتا اور ساحل کا جنوبی کوریا کے پارک جنگ یون اور چوئی یونگ ہی کے ساتھ اسکور157-157 سے برابر تھا۔ گولڈ میڈل کا فیصلہ شوٹ آف سے ہونا تھا۔ چکیتا اور ساحل دونوں نے 10 رنگ پر نشانہ لگایا، جبکہ چوئی صرف 9 رنگ حاصل کرسکیں، جس کے نتیجے میں ہندوستان نے ایک اورگولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے مکسڈ ٹیم مقابلے کے لیے کوٹہ پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ کمپاؤنڈ تیر اندازی 2028 اولمپکس میں پہلی مرتبہ شامل ہونے جارہی ہے۔چکیتا نے ایشین گیمز میں اپنا دوسرا گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ساحل کے لیے یہ پہلا گولڈ میڈل تھا۔اس کے بعد ہندوستان نے مردوں کے ٹیم فائنل میں بھی کلین سویپ مکمل کرلیا، جہاں چین نے مقابلے کے بڑے حصے میں برتری برقرار رکھی۔ کشال، ساحل اور گنیش ابتدائی اینڈ کے بعد 58-60 سے پیچھے تھے۔