ممبئی، 02 جون (یواین آئی) بینکوں کے درمیان زرِ مبادلہ بازار میں منگل کو ہندوستانی روپیہ 17.50 پیسے کمزور ہو کر ایک امریکی ڈالر کے مقابلے 95.3650 روپے پر بند ہوا۔ ہندوستانی کرنسی گزشتہ کاروباری دن 34 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ ایک ڈالر کے مقابلے 95.19 روپے پر بند ہوئی تھی۔ آج روپے کی شروعات 3 پیسے کی بہتری کے ساتھ 95.16 روپے فی ڈالر پر ہوئی اور کچھ ہی دیر میں یہ 95.03 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا، تاہم اس کے بعد اس میں گراوٹ شروع ہو گئی۔ کاروبار ختم ہونے سے پہلے روپیہ گر کر 95.38 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں جاری تیزی کے باعث روپے پر دباؤ برقرار رہا۔ برینٹ کروڈ کا خام تیل فیوچر آج 95 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا۔ تاہم دنیا کی دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی طاقت کو ظاہر کرنے والے ڈالر انڈیکس میں نرمی نے روپے کی گراوٹ کو محدود رکھنے میں مدد دی۔ ڈالر انڈیکس آج 0.05 فیصد کمزور ہوا۔