ہند۔ پاک کشیدگی، سوشل میڈیا کے محاذ پر جنگ، محمد زبیر نے پاکستانی ویڈیوز کے دعوؤں کی قلعی کھول دی

   

حیدرآباد۔7۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) محمد زبیر بانی Altnews.com کو ہند۔ پاک کشیدگی اور ہندستان کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے کے دوران سوشل میڈیا کے محاذ پر جنگ کرنے والوں میں سرفہرست قرار دیا جانے لگا ہے کیونکہ محمد زبیر نے اپنے X کھاتہ کے ذریعہ ہندستانی افواج کے حملہ کے متعلق بے بنیاد ویڈیوجو وائرل کی جا رہی تھی انہیں روکنے اور ان کی حقیقت کو آشکار کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ہندستانی افواج کے حملوں کے ساتھ ہی پاکستان کے ویڈیو کے نام پر جاری کی جانے والی ویڈیوز کی حقیقت کو آشکار کیا اور پاکستان کی جانب سے ہندستانی لڑاکا طیاروں کو گرائے جانے کے دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے نہ صرف پاکستان کے شدت پسند Xکھاتوں کو جواب دیا بلکہ ہندستان میں نفرت انگیز مواد کو فروغ دینے کے اقدامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے ان کی حقیقت کو پیش کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں سوشل میڈیا پر محمد زبیر کی کافی سراہنا کی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ صحافتی محاذ اور سوشل میڈیا کے محاذ پر محمد زبیر نے اپنے ملک کا جس انداز میں دفاع کیا ہے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ سرحد پر کشیدگی کے ساتھ ہی پاکستان پر حملہ کی اطلاعات اور بے بنیاد ویڈیو وائرل ہونے لگے تھے جس کے جواب میں محمد زبیر نے ان ویڈیوز کی تاریخ اور مقام کے شواہد پیش کرتے ہوئے ان اطلاعات کو خارج از بحث قرار دیا ۔محمد زبیر نے اپنے کھاتہ کے ذریعہ قومی ذرائع ابلاغ کی جانب سے چلائے جانے والی تصاویر اور ویڈیو کو بھی غلط ثابت کرتے ہوئے ان کی حقائق کو منظر عام پر لانے میں کلیدی کردا ر ادا کیا ہے کیونکہ پاکستان میں موجود اپنے اہداف کو جب ہندستانی افواج نے نشانہ بنایا اس وقت انٹرنیٹ پر دستیاب ویڈیوز پرانے جنگی ویڈیوز کو حاصل کرتے ہوئے بیشتر نیوز چیانلس کے علاوہ سوشل میڈیا چیانلس کی جانب سے نشریات میں شامل کیا جانے لگا تھا اور محمد زبیر نے غیر متعلقہ ویڈیوز کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کو تشویش میں مبتلاء ہونے سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔3