ہند۔چین کمانڈر سطح کے عہدیداروں کی آج ملاقات

,

   

نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے درمیان کمانڈر سطح کی بات چیت کا 19 واں مرحلہ 14 اگست پیر کو ہوگاجس میںلداخ کے ساتھ مشرقی سرحد پر تعطل کو ختم کرنے پربات ہوگی۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان کمانڈر سطح کے مذاکرات کے 18 مراحل ہو چکے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مذاکرات کا 19 واں مرحلہ چشول مولڈو کے علاقے میںد ہندوستان کی جانب سے ہونے کا امکان ہے۔ اعلیٰ سطحی فوجی مذاکرات کے اگلے سلسلے میں، ہندوستان مشرقی لداخ کے اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ڈیپسانگ اور ڈیمچوک علاقوں سے فوجی دستوں کو ہٹانے پر اصرار کر سکتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب رواں موسم گرما میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر چین کی فوجی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔14 اگست کو فائر اینڈ فیوری کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی چینی فوج کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کیلئے ہندوستانی فریق کی قیادت کریں گے۔اس بات چیت میں وزارت خارجہ اور آئی ٹی بی پی کے حکام کی بھی شرکت متوقع ہے۔ توقع ہے کہ دونوں فریق ڈی بی او اور سی این این جنکشن سے متعلق مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات پر بھی بات چیت کریں گے۔ ہندوستان مشرقی لداخ کے محاذ سے فوجیوں کی واپسی کیلئے بھی دباؤ ڈالے گا۔دونوں ممالک کے درمیان کور کمانڈر سطح کے مذاکرات چار ماہ بعد ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل دونوں فریقین کے درمیان کور کمانڈر سطح کی ملاقات رواں سال اپریل میں ہوئی تھی۔ مئی 2020 میں جب سے چین نے جارحانہ طور پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی تب سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ پیدا ہو رہا ہے۔