کشی نگر: اترپردیش میں ضلع کشی نگر کے تمکوہیراج تھانہ علاقہ کے تحت موہن بسڈیلا گاؤں کے اپر پرائمری اسکول کے کچن میں کثیرمقدار میں شراب پائے جانے کے سنسنی خیز واقعہ کے بعد ببیسک تعلیم افسر (بی ایس اے ) نے اسکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے ۔جمعرات کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اسکول کو شراب کا گودام بنانے کے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بی ایس اے نے اسکول کے پرنسپل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اسکول کے پرنسپل کو اس بات کاعلم ہی نہیں کہ اسکول کا کچن شراب کے گودام میں تبدیل ہوچکا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سرکاری اسکول کے کچن سے 52 کارٹون انگریزی شراب برآمد ہوئی ہے ۔ اسے شراب کے تاجروں کی بے خوفی سے تعبیر کیاجارہا ہے کہ شرب رکھنے کے لئے اسکول کے کچن کااستعمال کیا گیا۔ ضلع کے سروہی بلاک کے موہن بسڈیلا گاؤں میں واقع اپر پرائمری اسکول میں بدھ کی دوپہر بچوں نے اسکول کے کچن کو تالا لگا دیکھا۔ کچن کی کھڑکی سے بچوں نے دیکھا کہ اس کے اندر کارٹون کی کوئی چیز رکھی ہوئی ہے ۔ بچوں نے اس کی اطلاع گرام پردھان کو دی۔