حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) یو پی ایس سی امتحانات میں 1009 کامیاب امیدواروں میں جملہ 26مسلم نوجوانوں نے کامیابی حاصل کی ہے لیکن ابتدائی 30 رینک میں کوئی مسلمان شامل نہیں ہے جبکہ 40 واں رینک حاصل کرنے والی ارم چودھری مسلم امیدواروں میں سرفہرست رہیں۔ملک میں سیول سروسزآئی اے ایس‘ آئی پی ایس ‘ آئی آر ایس ‘ آئی ایف ایس کے عہدوں پر تقررات حاصل کرنے کے لئے دیئے جانے والے یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے قطعی نتائج آج جاری کئے گئے جن میں 1009 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جن میں26 مسلم نوجوان شامل ہیں۔ ان امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے ابتدائی 10رینک میں 3لڑکیاں شامل ہیں جبکہ قومی سطح پر اول مقام حاصل کرنے والے نوجوان شکتی دوبے ہیں۔اس مرتبہ ملک بھر میں ابتدائی 40کامیاب امیدواروں میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے۔مجموعی اعتبار سے اگر جاریہ سال کے نتائج کا جائزہ لیا جائے تو یہ مسلمانوں کے لئے مایوس کن تصور کئے جا رہے ہیں کیونکہ 1009 امیدواروں میں 26 نوجوانوں کی کامیابی کو گذشتہ 10 برسوں کے دوران سب سے کم تناسب ہے۔ یوپی ایس سی 2023 کے نتائج میں 51 مسلم نوجوانوں نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جملہ کامیاب امیدواروں کی تعداد 1016 تھی ۔2009 میں ہوئے امتحانات میں 791 کامیاب امیدواروں میں 31 مسلم نوجوان شامل تھے ۔اسی طرح 2020 میں منعقد ہوئے یو پی ایس سی امتحانات میں 761 کامیاب امیدواروں میں 31مسلم نوجوانوں نے کامیابی حاصل کی تھی ۔2021 یو پی ایس سی امتحانات میں 685 کامیاب امیدواروں میں 21مسلم نوجوانوں نے کامیابی حاصل کی تھی ۔2022 یو پی ایس سی امتحانات میں 933کامیاب امیدواروں میں 30 مسلم نوجوان شامل تھے ۔بتایا جاتا ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی میں موجود اقامتی کوچنگ اکیڈیمی سے تعلق رکھنے والے جملہ 78 امیداروں نے یو پی ایس سی امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں 32 امیدواروں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی ہے اور ان 32کامیاب امیدواروں میں 12 لڑکیا ں شامل ہیں۔3