یورو کپ فٹبال کا آج فائنل ۔ انگلینڈ بمقابلہ اٹلی

   

لندن : یوروکپ فٹبال کا فائنل اتوار 11 جولائی کو انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ انگلینڈ کے لیے یہ مقابلہ کافی اہمیت کا حامل بن گیا ہے کیوں کہ وہ 55 سال سے اس ٹرافی کو جیتنے کے لیے بے چین ہے ۔ اٹلی حالیہ برسوں میں 2000 اور 2012 میں فائنل میں پہونچا تھا جب کہ انگلینڈ اس کے قریب بھی نہیں آسکا تھا ۔ یہ ٹورنمنٹ 2020 میں کھیلا جانا تھا لیکن کورونا وائرس وبا کے سبب اسے 2021 تک ملتوی کرنا پڑا ۔ ویمبلے اسٹیڈیم میں کورونا تحدیدات کے سبب 66000 شائقین کو بیٹھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ انگلینڈ کے پرستار 1966 کے بعد سے بڑی فٹبال کامیابی کے منتظر ہیں ۔ 1966 میں انگلینڈ نے ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ 2018 ورلڈ کپ میں اٹلی کوالیفائی بھی نہیں ہوا تھا لیکن اس مرتبہ کوچ روبرٹو مانچینی کی نگرانی میں وہ مسلسل 33 مقابلے جیت چکا ہے ۔ اس طرح اٹلی کی جیت کے امکانات روشن ہیں ۔ لیکن سمجھا جارہا ہے کہ انگلینڈ پرجوش مسابقت کرے گا کیوں کہ اسے تاریخ بنانے کا موقع ہاتھ آیا ہے ۔ یوروپین چمئپن شپ کی شروعات 60 سال قبل ہوئی تھی ۔ جس کے بعد سے براعظم یوروپ کی زبردست فٹبال ٹیمیں اس خطاب کے لیے مسابقت کرتی رہی ہیں ۔ جہاں تک خطابی جیت کا معاملہ ہے انگلینڈ کافی بدقسمت رہا ہے جب کہ اٹلی کا مظاہرہ انگلش ٹیم سے بہتر ہے ۔ اب دیکھنا ہے یہ دونوں ٹیمیں کس قدر جوش و خروش کا مظاہرہ کرپاتی ہیں کیوں کہ دونوں کے لیے اتوار کا مقابلہ کافی دلچسپ اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔ اٹلی نے جاریہ ٹورنمنٹ میں غیر معمولی ڈیفنس کا مظاہرہ کیا ۔ اٹلی کے لیے فیڈریکو چیزا نے عمدہ کھیلا ہے اور ناک آوٹ مرحلہ میں کلیدی گول اسکور کیے ۔ آخری 16 کے راونڈ میں جرمنی کے مقابل جیت میں ان کا اہم رول رہا ۔ انگلینڈ کی سیمی فائنل میں کامیابی قدرے تنازعہ کا شکار ہوئی کیوں کہ اسے جو پنالٹی دیا گیا اسے کھیل کے ماہرین نے غلط بتایا ہے ۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو اس صورتحال سے آگے بڑھ کر بہتر کھیلنا ہوگا ۔۔