یوم جمہوریہ تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے حکومت کو ہائیکورٹ کی ہدایت

   

…(راج بھون اور پرگتی بھون تنازعہ کا نیا موڑ )…
حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) یوم جمہوریہ تقاریب کے سلسلہ میں راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان جاری کشیدگی نے آج اس وقت نیا رُخ اختیار کرلیا جب تلنگانہ ہائیکورٹ نے حکومت کو یوم جمہوریہ تقاریب کے شاندار انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس مادھوی دیوی نے گولی پورہ کے ساکن کے سرینواس کی جانب سے لنچ موشن میں داخل کی گئی درخواست پر عبوری فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 19 جنوری 2023 کو جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اس کی پابندی کرتے ہوئے یوم جمہوریہ تقاریب کا اہتمام کریں جس میں روایتی پریڈ کو شامل کیا جائے۔ عدالت نے کوویڈ قواعد پر عمل کرتے ہوئے عوام کو بھی تقاریب میں شرکت کی اجازت دینے کی ہدایت دی۔ جسٹس مادھوی دیوی نے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد کو ہدایت دی کہ وہ فیصلہ سے حکومت کو فوری واقف کرائیں تاکہ انتظامات میں سہولت ہو۔ درخواست گذار نے 74 ویں یوم جمہوریہ تقاریب کو پریڈ گراؤنڈ کے بجائے راج بھون تک محدود کرنے حکومت کے فیصلہ کا حوالہ دیا۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ وزارت دفاع کے احکامات کی خلاف ورزی غیر دستوری ہے۔ درخواست گذار نے ایک انگریزی روز نامہ میں 24 جنوری کو شائع شدہ رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بی آر ایس حکومت نے یوم جمہوریہ تقاریب راج بھون میں منعقد کرنے کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے۔ درخواست گذار کا کہنا تھا کہ ہر سال یوم جمہوریہ تقاریب گورنر کو مدعو کرتے ہوئے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد کی جاتی رہیں۔ جسٹس مادھوی دیوی نے تلنگانہ حکومت کے استدلال کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا کہ ریاست میں کورونا کے اثر کے باعث یوم جمہوریہ تقاریب پریڈ گراؤنڈ پر منعقد نہیں کی جاسکتیں۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ راج بھون کی تقریب میں حکومت کے نمائندے اور عہدیدار شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راج بھون کی یوم جمہوریہ تقاریب کو عوام کے مشاہدے کیلئے ویب کاسٹنگ کی مدد لی جائے گی۔عدالت نے واضح کیا کہ یوم جمہوریہ تقاریب اہمیت کی حامل ہیں اور قومی تہوار کی طرح ہے۔ر