یوم شہدا پرانقلابیوں کو قائدین کا خراج عقیدت

   

نئی دہلی: حریت پسند مجاہد آزادی و انقلابی بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کی برسی کے موقع پر چہارشنبہ کو مختلف پارٹیوں کے لیڈروں نے انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ جدوجہد آزادی میں بہادری کی لازوال داستان لکھنے والے ان تینوں انقلابیوں کی برسی کو ملک میں یوم شہدا کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ان تین نوجوانوں کو جو آزادی کے حق میں تھے ، 1931 میں آج کے دن لاہور کی سنٹرل جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔ انقلابیوں بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو ہندوستانی جدوجہد آزادی کے سب سے مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاکہ ان انقلابیوں کی قربانیاں آج بھی لوگوں کو قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ تینوں شہیدوں کے خیالات ہمیشہ لازوال رہیں گے ۔ ظلم کے خلاف جب بھی کوئی آواز اٹھے گی تو یہ انہی تینوں کی پیروی ہوگی۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے تینوں شہیدوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا‘‘ بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو خراج عقیدت ،ملک کی آزادی کی جدوجہد کے لازوال نشان، ملک کا ہر شہری ان کی لازوال قربانی کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔ ’’ہندوستان سوشلسٹ ریپبلکن آرمی(ایچ ایس آر اے )کے تینوں انقلابی ارکان بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو لاہور میں ایک پولیس افسر کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ تینوں کو 24 مارچ کو پھانسی دی جانی تھی لیکن انہیں مقررہ وقت سے 11 گھنٹے پہلے 23 مارچ 1931 کی شام پھانسی دے دی گئی۔