ایتھنز : یونان کے جنوبی ساحل پر تارکین وطن کو لے جانے والی ماہی گیروں کی ایک کشتی اُلٹنے سے کم از کم 59 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ایک سو سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔یونان کے پانیوں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد بڑھ کر تقریبا ساٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ قبل ازیں غیرقانونی طریقے سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد بتیس بتائی جا رہی تھی۔یونانی حکام نے بتایا ہے کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ یونان میں جنوبی پیلوپونیس کے علاقے سے تقریباً 75 کلومیٹر جنوب مغرب میں رات کے وقت پیش آنے والے اس حادثے کے بعد اب تک 104 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ زندہ بچ جانے والوں میں سے چار کو ہائپوتھرمیا یعنی شدید سردی لگنے کے باعث جسمانی درجہ حرارت غیرمعمولی حد تک کم ہو جانے کی علامات کے ساتھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔یونانی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کشتی پر کتنے افراد سوار تھے اور سمندر میں ابھی تک کتنے لاپتہ ہو سکتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔