یوکرین میں ایک فوجی تنصیب پر چار میزائل داغے گئے

   

کیف : مغربی یوکرین کی پولش سرحد سے متصل علاقے میں روس کی طرف سے چار میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں ایک فوجی تنصیب کے مکمل طور پر تباہ ہو جانے کی اطلاع ہے۔ یوکرین کے علاقے لوویو کے گورنر ماکسم کوسٹسکی نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ چار میزائلوں نے مغربی علاقے یاووریو کے پولینڈ کی سرحد کے نزدیکی علاقے میں قائم ایک ملٹری تنصیب کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔ میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام پر گورنر کا کہنا تھا، ’’یہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔‘‘ قبل ازیں یوکرین کی فضائیہ کے ایک کمانڈر نے اتوار کی صبح سویرے ایک بیان میں کہا تھا کہ بحیرہ اسود سے لیوویو کے علاقے میں میزائل داغے گئے ہیں۔