بیجنگ : چین کے وزیر خارجہ چن گانگ نے جمعہ کو کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی جنگ میں کسی بھی فریق کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔ وہ ان مغربی خدشات کا جواب دے رہے تھے کہ بیجنگ روس کو فوجی مدد فراہم کر سکتا ہے۔ چن نے جرمن ہم منصب اینالینا بیرباک کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ چین تنازعہ کے متعلقہ فریقوں کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گا، اور قوانین اور ضوابط کے مطابق دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمدات کو منظم اور انہیں کنٹرول کرے گا۔ انہوں نے چین کی جانب سے تنازعہ کا پرامن حل تلاش کرنے میں مدد کے لیے آمادگی کا اعادہ کیا۔ چین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ تنازعہ میں غیر جانبدار ہے، لیکن وہ روس کی سیاسی اور اقتصادی طور پر حمایت ایسے وقت میں کر رہا ہے جب مغربی ممالک نے اس کو سزا دینے کے لیے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ماسکو کو اپنے پڑوسی یوکرین پر حملے کی پاداش میں الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی ہے۔ چن گانگ اعلیٰ سطح کے پہلے چینی اہل کار ہیں جنہوں نے روس کو ہتھیاروں کی فروخت کے بارے میں ایسا واضح بیان دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین دوہرے استعمال کی اور فوجی استعمال والی اشیاء کی برآمد کو بھی منظم کرے گا۔ فوجی اشیاء کی برآمد کے بارے میں، چین ایک محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپناتا ہے۔