واشنگٹن: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کر یں گے جس میں یوکرین میں جنگ بندی اور سیکیورٹی ضمانت سمیت دیگر معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر زیلنسکی مستقبل میں کسی بھی قسم کی روسی جارحیت کی صورت میں صدر ٹرمپ کو یوکرین کے لیے امریکہ کی سیکیورٹی ضمانت پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق دورہ? واشنگٹن کے دوران صدر زیلنسکی کی قیادت میں یوکرینی وفد امریکہ کے ساتھ تاریخی اقتصادی معاہدے پر دستخط کر سکتا ہے جس کا مقصد جنگ سے تباہ حال یوکرین کی مالی مدد بھی شامل ہے۔ماہرین کے مطابق یہ ایسا معاہدہ ہو گا جو آنے والے عرصے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط رکھے گا۔اس ممکنہ معاہدے کو یوکرین میں تین برس سے جاری جنگ کے خاتمے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعے کی ملاقات میں مستقبل میں یوکرین کی سیکیورٹی سے متعلق معاہدے پر بھی بات ہو سکتی ہے۔یوکرین کی فوج نے تین برس سے جاری جنگ کے دوران اپنے سے تعداد میں زیادہ اور تربیت یافتہ روسی افواج کے سامنے مزاحمت کی ہے۔ تاہم یوکرین کے رہنما اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ امریکہ کی ثالثی میں کسی ممکنہ معاہدے میں مستقبل میں یوکرین کی سلامتی کی گارنٹی شامل ہو۔بہت سے یوکرینیوں کو یہ خدشہ ہے کہ عجلت میں طے پانے والے امن معاہدے سے روس کو زیادہ رعایتیں مل سکتی ہیں۔ لہٰذا ماسکو کو مستقبل میں کسی بھی جارحیت کے لیے فوج کو منظم کرنے کا موقع مل جائے گا۔’ایسوسی ایٹڈ پریس’ کی جانب سے دیکھے گئے ابتدائی اقتصادی معاہدے کے مطابق امریکہ اور یوکرین ایک مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کریں گے جس میں یوکرینی معدنیات سے ہونے والی مستقبل کی آمدنی کا 50 فی صد حصہ کیف ڈالیگا۔ ابتدائی معاہدے پر دستخط کے بعد فنڈ کے قیام کے معاملے پر تفصیلی معاہدہ تیار کیا جائے گا۔