کولم : کیرالا کے کولم سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ خاتون نے نہ صرف 9دنوں میں کوویڈ ۔ 19 کو شکست دی بلکہ تمام مریضوں کے لئے حوصلے کا سبب بنی ہے۔ کولم میڈیکل کالج کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب نسیم نے بتایا کہ اسماء بی نامی کورونا مریضہ کو سانس لینے میں دشواری پر 20 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اُنھیں بخار اور کھانسی جیسی علامات پائے جانے پر کورونا کے ٹسٹ سے گزارا گیا جس میں رپورٹ مثبت آئی۔ تاہم خوشگوار حیرت کی بات یہ ہے کہ 9 دن بعد وہ روبہ صحت ہوگئی۔ دوبارہ کورونا ٹسٹ کرنے پر رپورٹ منفی آئی اور اُنھیں ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔ معمر اسماء بی کا معاملہ کورونا کے مریضوں کے لئے باعث حوصلہ ہونا چاہئے۔